رسائی کے لنکس

ہیٹی کی امداد کے لیے فرانس کے صدر سارکوزی کی پیش کش


فرانس نےتباہ حال ہیٹی کی تعمیرِ نو میں مدد کےلیے اگلےدو برسوں میں تقریباً 44 کروڑ سترلاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے

فرانس کے صدر نکولا سارکوزی نے زلزلے سے تباہ حال ہیٹی کی تعمیرِ نو میں مدد کے لیے اگلے دو برسوں میں اُس ملک کو تقریباً 44 کروڑ سات لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

صدر سار کوزی نے بدھ ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی امداد میں ہیٹی پر واجب الادا تقریباً 44 کروڑ 70 لاکھ ڈالرکے قرض کی تنسیخ شامل ہے۔

مسٹر سارکوزی فرانس کی اُس سابق نوآبادی کا دورہ کرنے والے پہلے فرانسیسی صدر ہیں، جس نے دو سو سال سے بھی پہلے غلاموں کی ایک بغاوت کے دوران لڑ کر فرانس سے آزادی حاصل کرلی تھی۔

اسی دوران دو امریکی عہدے داروں نے کہا ہے کہ امدادی کاموں اور بحالی کے زیادہ سے زیادہ فرائض اب امریکی فوج سے لے کر ہیٹی کے لوگوں اور ہیٹی کی حکومت کو منتقل کیے جارہے ہیں۔

امدادی کاموں کے لیے اقوامِ متحدہ کے خصوصی رابطہ کار لوئیس لیوک نے بدھ کے روز نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ سامانِ خوراک، پانی اور طبّی امداد کی فراہمی کا بیشتر کام ہیٹی کے لوگوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔

ہیٹی میں امریکی فوج کے امدادی کاموں کے سربراہ لیفٹنینٹ جنرل کِین کَین کا کہنا ہے کہ ہیٹی کے ائر ٹریفک کنٹرولرز نے دارالحکومت کے ائر پورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔

تُوسَیں لاوَورچا انٹرنیشنل ائر پورٹ کے کنٹرول ٹاور کو 12 جنوری کے زلزلے میں شدید نقصان پہنچا تھااور زلزلے کے چند ہی روز بعد امریکی فوج نے ائر ٹریفک کنٹرولر کے فرائض سنبھال لیے تھے۔

جنرل کین نے یہ بھی ہیٹی میں امریکی فوج کے لیے اب سے سے اہم کام ، بارشوں کا موسم شروع ہونے سے پہلے لوگوں کو سر چھپانے کی جگہ فراہم کرنا اور ملبے کو صاف کرنا ہے۔

ہیٹی میں پچھلے مہینے کے ہولناک زلزلے کے میں پورٹ او پرنس اور اُس کے آس پاس کے علاقے تباہ ہوگئے تھے اور کم سے کم دو لاکھ 17 ہزار لوگ ہلاک ہوئےتھے۔

ہیٹی مغربی نصف کرہ ارض پر سب سے غریب ملک ہے اور وہ زلزلے سے پہلے ہی 2008 کے استوائى طوفانوں میں ملک کی 15 فیصد معیشت کے تباہ ہوجانے کے بعد بحالی کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG