رسائی کے لنکس

نئی حج پالیسی میں ’سبسڈی‘ واپس لینے کا اعلان


فائل
فائل

کرنسی کی گرتی ہوئی قیمت، ائیرلائنز کی طرف سے کرایوں میں اضافہ اور سعودی حکام کی طرف سے اخراجات میں اضافہ کیے جانے کے باعث اس سال حج اخراجات میں 1 لاکھ 56 ہزار 975 روپے کا اضافہ ہوگا

پاکستان میں نئی حج پالیسی کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق، اس سال سرکاری حج کے اخراجات میں گذشتہ سال کے مقابلے میں ایک لاکھ 56ہزار روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019ء کی منظوری دے دی ہے جس کے مطابق، اس سال حج پر کوئی ’سبسڈی‘ نہیں دی جائے گی۔ گذشتہ سال مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے تقریباً 45 ہزار روپے فی حاجی سبسڈی دی تھی جس کی وجہ سے حکومت کو چار ارب روپے کی رقم ادا کرنا پڑی تھی۔

کرنسی کی گرتی ہوئی قیمت، ائیرلائنز کی طرف سے کرایوں میں اضافہ اور سعودی حکام کی طرف سے اخراجات میں اضافہ کیے جانے کے باعث اس سال حج اخراجات میں 1 لاکھ 56 ہزار 975 روپے کا اضافہ ہوگا۔

حج کے اخراجات کو دو زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ملک کے شمالی اور جنوبی زون کے حج اخراجات میں تقریباً 11 ہزار روپے کا فرق ہوگا۔ شمالی زون میں رہنے والوں کے لیے حج اخراجات 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے، جبکہ جنوبی زون کے لیے 4 لاکھ 27 ہزار روپے ہوں گے۔

اس سال 80 سال یا زائد عمر کے افراد اور مسلسل تین سال سے ناکام رہنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی حج پر بھجوایا جائےگا۔

10 ہزار بزرگ شہریوں کو حج کوٹہ دیا جائے گا، جب کہ کم آمدنی والے 500 مزدوروں کیلیےحج کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

نئی حج پالیسی کے مطابق، حج درخواستیں 20 فروری سے وصول کی جائیں گی۔ اس سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہٴ حج ادا کریں گے، جس میں سرکاری کوٹہ 60 فیصد اور نجی ٹور آپریٹرز کا کوٹہ 40 فیصد رکھا گیا ہے۔

گذشتہ سال ملک کے شمالی زون کے لیے حج اخرجات 2 لاکھ 80 ہزار جبکہ جنوبی زون کے لیے 2 لاکھ 70 ہزار مقرر کیے گئے تھے۔

حج پالیسی کے مطابق، کوئی بھی پاکستانی 5 سال تک دوسری بار حج نہیں کر سکے گا۔ حاجیوں کے پاس ذاتی استعمال کے لیے 2 ہزار ریال ہونا لازمی ہے۔ قربانی کے لیے 19 ہزار 451 روپے بھی حجاج کرام کو الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔

فریضہ حج ہر سال ذی الحج کے مہینے میں ادا کیا جاتا ہے اور پاکستان میں لاکھوں افراد اس مقصد کے لیے درخواستیں جمع کرواتے ہیں۔

ماضی میں حج کوٹہ اور سعودی عرب میں حاجیوں کو رہائش فراہم کرنے کے معاملے پر بڑی بدعنوانیاں دیکھنے میں آئیں، جن پر نیب کے کیسز بھی بنائے گئے۔

اس سال حج اخراجات میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے حج کے خواہش مندوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔

------------------------------------------------------------------------------------

وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ تریں خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔

ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en

آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675

XS
SM
MD
LG