رسائی کے لنکس

نئے انداز کی کامیڈی کے ساتھ نئی پاکستانی فلم ’ہلاگلا‘


ڈائریکٹر کامران خان کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں نئے انداز کی کامیڈی کے ساتھ نئی پاکستانی فلم ’ہلاگلا‘ پر کام کر رہے ہیں، جو ’نامعلوم افراد‘ جیسی ہی ہلکی پھلکی تفریح لئے ہوئے ہے۔ مگر، یہ ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل نہیں

پاکستان میں جب سے سینما کا اچھا دور واپس آیا ہے، غیرملکی فلموں کے علاوہ مقامی فلمیں بھی خوب رش لے رہی ہیں۔ اور اسی لئے، نوجوان فلم میکرز نئے نئے تجربات کر رہے ہیں۔ اور، اکثر کی کوششیں فلم بینوں اور ناقدین دونوں میں پسند بھی کی جارہی ہیں۔

اس کی تازہ مثال، گزشتہ دنوں ریلیز ہونے والی جاوید شیخ اور فہد مصطفیٰ کی فلم ’نامعلوم افراد‘ ہے، جو میگاہٹ ثابت ہوئی۔

ڈائریکٹر کامران خان کا کہنا ہے کہ وہ ان دنوں نئے انداز کی کامیڈی کے ساتھ نئی پاکستانی فلم ’ہلاگلا‘ پر کام کر رہے ہیں، جو ’نامعلوم افراد‘ جیسی ہی ہلکی پھلکی تفریح لئے ہوئے ہے۔ مگر، یہ’نامعلوم افراد‘ کا سیکوئل نہیں۔

کامران کا کہنا ہے کہ نبیل قریشی کی ’نامعلوم افراد‘ اور ’ہلاگلا‘ میں کوئی بھی چیز یکساں نہیں سوائے یہ کہ دونوں کامیڈی فلمیں ہیں اور دونوں فلموں میں جاوید شیخ موجود ہیں۔ فلم میں ایک کلب سونگ اور ایک آئٹم نمبر سمیت پانچ گانے ہیں جن میں سے ایک گانا ’عشق کملی‘ ریلیز کردیا گیا ہے۔

کامران نے یہ بھی بتایا کہ ویٹرن اداکار جاوید شیخ ’ہلا گلا‘ میں ڈون کا رول ادا کر رہے ہیں۔ اور عاصم محمود ان کے بیٹے کا رول نبھا رہے ہیں، جبکہ دیگر کاسٹ میں سدرہ بتول، منیب اور مریم انصاری شامل ہیں۔

فلم کے گانے مشہور بھارتی گلوکار میکا سنگھ اور سنیدھی چوہان نے گائے ہیں۔

ایک گانا راحت فتح علی خان کی آواز میں ہے، جبکہ سکھویندر سنگھ سے بھی ایک گانے کے لئے بات چیت جاری ہے۔

کامران اکبر خان کا کہنا ہے کہ فلم کا 75 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور آئندہ سال ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد یعنی مارچ یا اپریل میں اسے ریلیز کردیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG