رسائی کے لنکس

حماس: اسرائیلی محاصرے کے خاتمے تک جنگ بندی سے انکار


فائل
فائل

'حماس' کے رہنما نے عالمی برادری سے غزہ کے لوگوں کے لیے دوائیں، ایندھن اور بنیادی ضروریات کی دیگر اشیا فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اور غزہ پر حکمران 'حماس' نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور دیگر شرائط پر عمل درآمد کی یقین دہانی تک جنگ بند نہیں کی جائے گی۔

تاہم 'حماس' نے اسرائیل کے ساتھ عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کی ہے تاکہ غزہ کے عوام تک امداد پہنچائی جاسکے۔

بدھ کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے 'حماس' کے جلا وطن رہنما خالد مشعل نے کہا کہ ان کی جماعت غزہ میں اس طرح کی عارضی جنگ بندی کی خواہاں ہے جیسی گزشتہ جمعرات کو کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ چند گھنٹوں کی اس مہلت کا فائدہ اٹھا کر زخمیوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالنا اور لوگوں تک امداد پہنچانا چاہتے ہیں۔

'حماس' کے رہنما نے عالمی برادری سے غزہ کے لوگوں کے لیے دوائیں، ایندھن اور بنیادی ضروریات کی دیگر اشیا فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مستقل جنگ بندی صرف اسی صورت میں قبول کریں گے جب غزہ کے لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے حقیقی اقدامات پر اتفاق کیا جائے۔

خالد مشعل کے بقول اسرائیل کی جانب سے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے اور 'حماس' کی دیگر شرائط پر تفصیلی بات چیت کے بعد ہی وہ مستقل جنگ بندی کا سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی چاہتا ہے کہ 'حماس' پہلے جنگ بندی کرے اور بعد میں اپنے حقوق کے لیے اسرائیل سے بات کرے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس طرح کے مطالبات پہلے بھی تسلیم نہین تھے اور اب وہ انہیں دوبارہ مسترد کرتے ہیں۔

'حماس' کے رہنما نے واضح کیا کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کی بین الاقوامی کوششوں کے باوجود اس ضمن میں تاحال پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

غزہ: ہلاکتیں 692 ہوگئیں

امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان کی مون کی خطے میں موجودگی اور جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود بدھ کو مسلسل سولہویں روز بھی غز ہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔

فلسطینی حکام کےمطابق آٹھ جولائی سے جاری اسرائیلی بمباری میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 692 ہوگئی ہے۔

بدھ کو اسرائیلی توپ خانے اور جنگی طیاروں نے غزہ میں کئی گھروں اور ایک مسجد کو نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق بدھ کو اس کے مزید تین فوجی غزہ میں مارے گئے ہیں جس کے بعد 'حماس' کے ساتھ لڑائی میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔

غزہ پر حملوں کے خلاف مغربی کنارے میں احتجاج کرنے والے مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں کم از کم ایک فلسطینی ہلاک ہوگیا ہے۔

منگل کو تل ابیب کے ہوائی اڈے پر 'حماس' کے راکٹ حملے کے بعد بدھ کو مسلسل دوسرے روز بھی اسرائیل کے دوسرے بڑے شہر کے لیے امریکی اور یورپی پروازیں منسوخ رہیں۔

XS
SM
MD
LG