رسائی کے لنکس

معروف صحافی ہیرالڈ ایونز 92 برس کی عمر میں چل بسے


معروف برطانوی نژاد امریکی صحافی سر ہیرالڈ ایونز بدھ کو 92 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے نیویارک میں چل بسے۔

انہوں نے 70 برس پر محیط اپنے کریئر میں تحقیقاتی صحافت کے علاوہ ایک میگزین بھی جاری کیا۔ وہ کئی کتابوں کے پبلشر اور مصنف بھی تھے۔ اُن کا شمار اپنے عہد کے بڑے صحافیوں میں ہوتا تھا۔

ہیرالڈ ایونز کی اہلیہ ٹینا براؤن نے اپنے شوہر کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

وہ برطانوی میگزین دی سنڈے ٹائمز کے ایڈیٹر رہے۔ تاہم انتقال سے قبل وہ خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے ساتھ بطور ایڈیٹر منسلک تھے۔

اُن کا شمار تحقیقاتی صحافت کرنے والے بڑے صحافیوں کی فہرست میں ہوتا تھا۔ اُنہوں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کئی سیاسی اسکینڈل سے منسلک کئی خبروں پر کام بھی کیا۔

ایونز نے 'تھالیڈومائیڈ' نامی دوا کے منفی اثرات کے نتیجے میں پیدائشی طور پر نقص کے شکار سینکڑوں برطانوی بچوں پر ایک تحقیقاتی رپورٹ شائع کی جسے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی۔ اس رپورٹ میں ایونز نے لکھا کہ ان بچوں کو پیدائشی نقائص کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی معاوضہ نہیں ملا۔ اس خبر کے بعد چلنے والی مہم کے نتیجے میں حکومت ان بچوں کو معاوضہ دینے پر مجبور ہوئی۔

وہ 14 برس 'سنڈے ٹائمز' کے مدیر کے طور پر کام کرنے کے بعد 'دی ٹاٹمر آف لندن' کے مدیر بنے۔ ایک برس بعد ان کا میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک کے ساتھ ایڈیٹوریل آزادی کے معاملے پر اختلاف ہوا، جس کے چند برس بعد وہ امریکہ آ گئے۔

امریکہ میں انہوں نے ایک مصنف، کتابوں کے پبلشر اور یونیورسٹی کے لیکچرار کے طور پر کام جاری رکھا۔ ان کی کتابوں میں ’دی امریکن سینچری‘، ’دے میڈ امریکہ‘، اور ’ڈو آئی میک مائی سیلف کلئیر‘ شامل ہیں۔

انہوں نے میگزین بھی نکالا۔ ان کے میگزین 'رینڈم ہاؤس' نے کامیابی کی کئی منزلیں طے کیں۔

ہیرالڈ ایونز کو ملکہ برطانیہ کی جانب سے برطانیہ کا سب سے اعلی اعزاز بھی دیا گیا۔ انہیں ان کی خدمات کی وجہ سے ’نائڈ ہڈ‘ کا اعزاز، اور نام کے ساتھ سر کا خطاب ملا۔

انہیں برطانیہ کے پریس گزٹ اور برٹش جرنلزم ریویو کے ایک پول میں عظیم ترین ایڈیٹر قرار دیا گیا۔

انہوں نے 2011 میں خبررساں ادارے 'رائٹرز' میں شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے دنیا کی اہم سیاسی شخصیات کے انٹرویوز بھی کیے جن میں ٹونی بلیئر، مارک کیوبن، ایلگور، جان کیری، ہنری کسنجر، جم میٹس شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG