رسائی کے لنکس

ہیرس کی جانب سے بائیڈن اور جیسی جیکسن کی سینڈرز کی حمایت کا اعلان


رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سابق نائب صدر جو بائیڈن اور سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ (فائل فوٹو)
رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سابق نائب صدر جو بائیڈن اور سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ (فائل فوٹو)

کملہ ہیرس نے اتوار کو ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی دوڑ سے باہر نکلنے اور جو بائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر کے لیے جو کچھ میرے بس میں ہوگا کروں گی تاکہ وہ پارٹی کے امیدوار بنیں۔

رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کی دوڑ میں سابق نائب صدر جو بائیڈن اور سینیٹر برنی سینڈرز کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

کیلی فورنیا کی سینیٹر تین سیاہ فام خواہشمند امیدواروں میں سے ایک تھیں، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ انتخاب کو چیلنج کرنا چاہتی تھیں۔ سپر ٹیوزڈے کی کامیابی کے بعد، ڈیموکریٹ اسٹیبلشمنٹ کوشش کر رہی ہے کہ بائیڈن کو آگے لایا جائے۔

کملہ ہیرس کی جانب سے بائیڈن کے نام کی توثیق کے بعد پرائمریز کا اگلا دور ہوگا، جب منگل کے روز چھ ریاستیں ووٹنگ میں حصہ لیں گی، جن میں مشی گن بھی شامل ہے۔

دوسری جانب، ورمونٹ کے سینیٹر سینڈرز کو اتوار کے دن اس وقت اہم حمایت حاصل ہوئی جب شہری حقوق کی قد آور شخصیت، جیسی جیکسن نے ان کی حمایت کا باضابطہ اعلان کیا۔

جیکسن نے یہ اعلان مشی گن کے شہر گرینڈ ریپڈز میں انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ بائیڈن نے نام کی توثیق کے لیے ان سے رابطہ نہیں کیا، جب کہ سینڈرز نے ان سے درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ برنی سینڈرز کی اس لیے بھی حمایت کرتے ہیں چونکہ سینیٹر کی انتخابی مہم نے 13 معاملات پر آواز بلند کی ہے، جن میں ووٹنگ کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے، تاریخی سیاہ فام کالجوں اور یونیوسٹوں کے لیے زیادہ رقوم مختص کرنے اور سپریم کورٹ میں افریقی امریکیوں کو رکنیت دینے کی حامی بھری ہے۔ انھوں نے یہ بات اپنی ایک تحریر پڑھتے ہوئے کہی۔

اپنے بیان میں کملہ ہیرس نے کہا ہے کہ بائیڈن سے زیادہ مناسب امیدوار میدان میں نہیں ہے، جو ملک کو مشکلات سے باہر نکالنے اور اوول آفس کی حرمت، شرافت اور حق کو سربلند کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ''بائیڈن رحم دل اور دوسروں کا احساس کرنے والے شخص ہیں، جو حقیقت میں امریکی عوام کی بات سنتے ہیں۔''

کملہ ہیرس نے کہا کہ امریکہ ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے، اور ووٹروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ نومبر میں وہ کس امیدوار کو جتوائیں گے، اور ہمارے بچے اور بچوں کے بچے کس ماحول میں پرورش پائیں گے۔ مجھے جو بائیڈن پر مکمل بھروسہ ہے۔

ڈیموکریٹ پارٹی کے سابق امیدواروں ایمی کلوبچر، پیٹ بٹیجج، بیٹو اوروکے، مائیک بلومبرگ، ٹِم رائن، دیول پیٹرک اور جان ڈلانی نے بائیڈن کی حمایت جب کہ مریانے ولیم سن اور بل ڈی بلاسیو نے سینڈرز کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG