رسائی کے لنکس

شہزادہ ہیری اور میگھن کا انسٹاگرام پر نیا ریکارڈ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ کے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ 'انسٹاگرام' پر سب سے کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

شاہی جوڑے کے اسٹاف نے منگل کو 'انسٹاگرام' پر ان کا نیا مشترکہ اکاؤنٹ بنایا تھا جس کے فالوورز کی تعداد چھ گھنٹوں سے بھی کم وقت میں 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

جمعرات کی دوپہر تک 'سسکس رائل' کے نام سے شاہی جوڑے کے اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 34 لاکھ تک پہنچ چکی تھی جس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

اب تک اس اکاؤنٹ سے صرف دو پوسٹس شیئر ہوئی ہیں جن میں سے پہلی پوسٹ کو 11 لاکھ سے زائد افراد پسند کر چکے ہیں۔

ریکارڈ مرتب کرنے والی معروف کمپنی 'گنیز ورلڈ ریکارڈز' کے مطابق اس سے قبل کم از کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز کا ریکارڈ جنوبی کوریا کے گلوکار کینگ ڈینئل کا تھا۔ ڈینئل کے اکاؤنٹ کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ پہنچنے میں 11 گھنٹے اور 36 منٹ لگے تھے۔

جنوبی کوریا کے گلوکار سے قبل یہ ریکارڈ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے پاس تھا۔ انسٹاگرام پر پوپ فرانسس کا چینل 2016ء میں قائم کیا گیا تھا جس کے قیام کے 12 گھنٹوں کے اندر فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی تھی۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کی شادی مئی 2018ء میں ہوئی تھی۔ شادی سے قبل میگھن مرکل نے اپنے تمام ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے تھے۔

شاہی جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی ولادت آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔

XS
SM
MD
LG