رسائی کے لنکس

'بھارتی لڑکی سے شادی کی خبر سچ نہیں، بالکل سچ ہے'


حسن علی کے بقول ان کی سامعہ سے پہلی مرتبہ دبئی میں ملاقات ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی عطا سے بات کی۔
حسن علی کے بقول ان کی سامعہ سے پہلی مرتبہ دبئی میں ملاقات ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی عطا سے بات کی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے بھارتی دوشیزہ سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی شادی سے متعلق خبریں سچ نہیں، بالکل سچ ہیں۔

پچیس سالہ کرکٹر کی شادی سے متعلق خبریں گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں جس کی تصدیق انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست ہے کہ وہ بھارتی لڑکی سامعہ سے شادی کر رہے ہیں۔

حسن علی نے کہا کہ وہ 20 اگست کو دبئی میں نکاح کریں گے اور تقریب میں صرف خاندان اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔

حسن علی کے بقول ان کی سامعہ سے پہلی مرتبہ دبئی میں ملاقات ہوئی جس کے بعد انہوں نے اپنے بھائی عطا سے بات کی اور انہیں سامعہ سے متعلق آگاہ کیا۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ انہوں نے سامعہ کو شادی کی پیش کش کی جسے انہوں نے شرماتے ہوئے قبول کیا جب کہ اُن کے بھائی اور بھابھی نے بھی سامعہ کو پسند کیا۔

حسن علی کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شادی کے روز لال اور سیاہ رنگ کی شیروانی پہنیں گے جب کہ سامعہ شادی کے روز بھارتی لباس زیب تن کریں گی۔

حسن علی سے قبل تین پاکستانی کرکٹرز بھارتی خواتین سے شادی کرچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے 2010 میں بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی کی تھی جب کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن حسن خان نے بھارتی اداکارہ رینا رائے سے شادی کی تھی جنہیں بعدازاں طلاق دے دی تھی۔

ایشین بریڈمین سے شہرت رکھنے والے سابق پاکستانی کرکٹر ظہیر عباس نے 1988 میں بھارتی خاتون ریتا لوتھیرا سے شادی کی تھی۔ جو ظہیر عباس کے دوست کی صاحبزادی تھیں اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد انہوں نے اپنا نام ثمینہ عباس رکھ لیا تھا۔

یاد رہے کہ پچیس سالہ حسن علی نو ٹیسٹ، 53 ون ڈے اور 30 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

حسن علی نے 2017 میں چیپمئنز ٹرافی کے دوران شاندار بولنگ کرتے ہوئے توجہ حاصل کی تھی اور انہیں ٹورنامنٹ کا سب سے بہترین بولر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG