رسائی کے لنکس

کشمیر پر بھوشن کا بیان غلط ہے، ہم تائید نہیں کرتے: انا ہزارے


کشمیر پر بھوشن کا بیان غلط ہے، ہم تائید نہیں کرتے: انا ہزارے
کشمیر پر بھوشن کا بیان غلط ہے، ہم تائید نہیں کرتے: انا ہزارے

سپریم کورٹ کےسینئر وکیل اور سول سوسائٹی کے رکن پرشانت بھوشن کے کشمیر پر دیے گئے بیان سے انا ہزارے نے خود کو الگ کر لیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پرشانت کی ذاتی رائے ہوسکتی ہے، اُن کی ٹیم کی نہیں۔ اُن کےالفاظ میں: پرشانت کا بیان غلط ہے اور ہم اُس کی تائید نہیں کرتے۔

انا ہزارے نے اپنے آبائی وطن رالے گاؤں سدی میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ کشمیر بھارت کا حصہ ہے اور بھارت کا حصہ رہے گا اور اِسے یقینی بنانے کےلیے ہم کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں۔بقول اُن کے،’ ہم سر کٹا سکتے ہیں، لیکن کشمیر کو الگ نہیں ہونے دیں گے‘۔

یاد رہے کہ پرشانت بھوشن نے دو ہفتے قبل ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارتی حکومت کو چاہیئے کہ اپنے اقدامات سے کشمیری عوام کو قریب کرے، لیکن اگر وہ بھارت کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے اور آزادی چاہتے ہیں تو استصواب ِ رائے کراکر اُنھیں آزادی دے دینی چاہیئے۔

اُن کے اِس بیان کے ردِ عمل میں تین نوجوانوں نے، جو خود کو دائیں بازو کی تنظیم رام سینا کے کارکن بتاتے ہیں، بدھ کے روز سپریم کورٹ میں اُن کے چیمبرمیں گُھس کر اُن پر حملہ کردیا تھا اور اُن کے ساتھ مارپیٹ کی تھی۔پرشانت بھوشن نے اپنے اِس مؤقف کو دہرایا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔

دریں اثنا، اِن خبروں کے درمیان کی پرشانت کو انا ہزارے کی ٹیم سے الگ کیا جاسکتا ہے، متضاد بیانات سامنے آئے ہیں۔

اناہزارے کے معتمدِ خاص اَروِند کیجری وال نے کہا ہے کہ پرشانت بھوشن کو الگ کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔اُنھوں نے انا ہزارے کے بیان کو پڑھ کر سنایا جِس میں کہا گیا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہے، اِس کا آئینی حل نکالا جانا چاہیئے۔

اَروِند نے کہا کہ پرشانت بھوشن کونکالے جانے کےبارے میں انا ہزارے کے بیان کو مسخ کرکے پیش کیا گیا ہے۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG