رسائی کے لنکس

پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت روزانہ ہوگی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

’ مقدمے کی سماعت آج آخری مرتبہ ملتوی کی جارہی ہے ، کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے 9 اکتوبر سے سماعت روانہ کی جائے گی۔‘ جسٹس یاور علی

پاکستان کے سابق عسکری صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

یہ فیصلہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت کی جانب سے دو رکنی بینچ نے پیر کی صبح کیا۔ بینچ جسٹس یاور علی اور جسٹس نذر اکبر پر مشتمل تھا۔

دوران سماعت جسٹس یاور علی نے ریمارکس دئیے کہ مقدمے کی سماعت آج آخری مرتبہ ملتوی کی جارہی ہے ، کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے 9 اکتوبر سے سماعت روانہ کی جائے گی۔

اگلے مہینے یعنی 9 اکتوبر کو استغاثہ ٹیم کے سینئر رکن نصیرالدین نیئر بطور عدالتی معاون دلائل دیں گے۔

خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس یاور علی نے سماعت کے دوران حکومتی نمائندہ سے استفسار کیا کہ سنگین غداری کیس میں تمام شہادتیں ریکارڈ ہوچکی ہیں، حکومت ملزم کو پیش کرنے کے حوالے سے کیا اقدامات کررہی ہے۔

اس پر وزارت داخلہ کے نمائندے نے جواب دیا کہ انٹر پول کے ذریعے پرویز مشرف کی گرفتاری کی درخواست کی گئی تھی۔

جسٹس یاور علی نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ آئندہ سماعت پر تحریری طور پر ملزم کو پیش کرنے متعلق حتمی طور پر بتائے کہ ملزم کو پیش کرسکتے ہیں یا نہیں۔

جسٹس یاور علی نے کیس کی مزید سماعت کے لئے9 اکتوبرکی تاریخ مقرر کی ہے۔

XS
SM
MD
LG