رسائی کے لنکس

شام، حزب اللہ کے حامی چار جنگجو اسرائیلی حملے میں ہلاک


 حزب اللہ کے جنگجو اپنے دو ساتھیوں کے جنازے میں شرکت کر رہے ہیں جو اسرائیلی گولہ باری سے مارے گئے تھے: 10 اکتوبر، 2023۔ (اے پی فوٹ)
حزب اللہ کے جنگجو اپنے دو ساتھیوں کے جنازے میں شرکت کر رہے ہیں جو اسرائیلی گولہ باری سے مارے گئے تھے: 10 اکتوبر، 2023۔ (اے پی فوٹ)

شام میں جنگ کی مانیٹرنگ کی تنظیم ’’آبزرویٹری فار ہیومین رائٹس‘‘ نے جمعے کے روز بتایا کہ جنوبی شام میں حزب اللہ کے حامی چار جنگجو اسرائیل کے ڈرون حملے میں اس وقت ہلاک ہوگئے جب وہ اپنی کار میں جارہے تھے۔

تنظیم کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حزب اللہ کے لیے کام کرنے والے یہ جنگجو شام کے جنوب میں مدینۃ البعث کے قصبے کے قریب ہلاک ہوئے۔ یہ علاقہ اسرائیلی مقبوضہ گولان ہائیٹس کے نزدیک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ تنظیم ابھی تک یہ معلوم کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی کہ آیا یہ جنگجو شام کے شہری تھے یا نہیں۔ لیکن رامی عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ اس بات کی تصدیق کی جا چکی ہے کہ ان کا تعلق شامی فوج سے نہیں تھا۔

آبزرویٹری نے، جو شام میں خبروں کے ذرائع کا ایک نیٹ ورک ہے، ایک روز قبل رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل نے دمشق کے نزدیک آٹھ میزائیلوں سے حملہ کیا ہے۔

اس حملے میں شام کے قنیطرہ صوبے میں واقع شامی حکومت کی ایک عسکری پوسٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ حملہ اکتوبر میں گولان ہائیٹس میں حزب اللہ کی جانب سے کی گئی بمباری کا ردعمل تھا۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ دسمبر کی دو تاریخ کو دمشق کے قریب واقع حزب اللہ کی تنصیبات کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں شامی حزب اللہ کےدو جنگجو اور ایرانی فوج کے دو افسر ہلاک ہوئے تھے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سپاہ نیوز نے اسی روز رپورٹ کیا تھا کہ پاسدارانِ انقلاب کے دو ارکان شام میں ایک مشاورتی مشن کے دوران ہلاک ہوئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 2011 سے شام میں جاری خانہ جنگی کے بعد سے اسرائیل نے اب تک شام میں سینکڑوں ایسے فضائی حملے کیے ہیں جن میں شامی فوج، اور ایران کے حمایت یافتہ جنگجو گروہوں کو، جن میں حزب اللہ بھی شامل ہے،نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایجنسی کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے ردعمل میں غزہ میں جاری اسرائیلی آپریشن کے بعد سے ان جنگجو گروپوں کی سرگرمیوں میں اضافہ نظر آیا ہے۔

آبزرویٹوری کے مطابق آٹھ نومبر کو دمشق کے نزدیک حزب اللہ کے تین جنگجو اسرائیلی فوج کی بمباری میں مارے گئے تھے۔

اسرائیل شام میں کی گئی اپنی کارروائیوں پر کم ہی تبصرہ کرتا ہے لیکن اس کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے حریف ایران کو شام میں مستحکم ہونے سے روکنا چاہتا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد اے ایف پی سے لیا گیا۔

فورم

XS
SM
MD
LG