رسائی کے لنکس

ہاکی: پاکستان کی جیت


ہاکی: پاکستان کی جیت
ہاکی: پاکستان کی جیت

پاکستان نے دوسرے بین الاقوامی ہاکی میچ میں چین کو 3-5 سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

جمعرات کو کراچی میں کھیلے گئے میچ میں چین نے ابتدا ہی میں جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے ہاف کے گیارہویں منٹ تک دو گول کی برتری حاصل کرلی تھی۔

چین کی جانب سے میچ کے تیسرے منٹ میں ڈونگ یانگ نے پینلٹی کارنر پر پہلا گول کیا جس کےبعد گیارہویں منٹ میں لی ژیانگ ٹانگ نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔

اس موقع پر پاکستانی ٹیم نے بہتر 'فائٹ بیک' کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے 14 منٹوں میں تین گول کرکے میزبان ٹیم کو 2-3 کی برتری دلادی۔

پاکستان کی طرف سے حسیم خان نے پہلے ہاف کے 14 ویں منٹ میں پہلا گول کیا جس کے بعد وقاص شریف نے نے 23 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

پہلے ہاف کے 28ویں منٹ میں حسیم خان نے ایک اور گول کرکے پاکستان کی برتری 2-3 کردی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرا رہی۔

دوسرے ہاف میں چین کی جانب سے ڈونگ یانگ نے ایک اورگول کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔ تاہم وقاص شریف اور علی شاہ نے مزید ایک، ایک گول کرکے میچ میں پاکستان کی فتح یقینی بنادی۔

اس سے قبل بدھ کو کراچی میں کھیلا گیا پہلا میچ پاکستان نے 0-3 سے جیت لیا تھا۔ سیریز کے باقی دو میچ فیصل آباد اور لاہور میں ہفتے اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ چین کی ہاکی ٹیم سات سال کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی بین الاقوامی ہاکی ٹیم ہے۔ پاکستان نے اس سے قبل 2004ء میں آخری بار بین الاقوامی ہاکی میچ کی میزبانی کی تھی۔

XS
SM
MD
LG