رسائی کے لنکس

دہائیوں بعد آئی سی سی رینکنگ میں ویسٹ انڈین آل راؤنڈر سرفہرست


Jason Holder
Jason Holder

ویسٹ انڈین آل راؤنڈر جیسن ہولڈر بنگلادیش کے شکیب الحسن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔

45 سال میں یہ پہلا موقع ہے جب ویسٹ انڈیز کا کو ئی آل راؤنڈر ٹاپ پوزیشن پر آیا ہے، اس سے پہلے سر گارفیلڈ گیری سوبرز نے مارچ 1974ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

جیسن ہولڈر نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ناقابل شکست ڈبل سنچری اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 381 رنز سے یادگار فتح دلائی تھی۔

ہولڈر کے 202رنز ناٹ آؤٹ ،پاکستان کے وسیم اکرم 257 رنز ناٹ آؤٹ اور امتیاز احمد 209 رنز کے بعد آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کسی بھی بیٹسمین کا تیسرا بڑا اسکور ہے۔

ہولڈر نے شین ڈاؤرچ کے ساتھ ساتویں وکٹ کے لئے 295رنز کی شراکت داری بنائی تھی، اس شاندار پرفارمنس پر دو درجہ بہتری کے بعد ہولڈر شکیب الحسن اور بھارت کے رویندر جڈیجا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نمبر تین سے اب پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

جیسن ہولڈر بیٹسمینوں کی رینکنگ میں بھی 25درجہ اوپر آتے ہوئے اپنے کیریئر کی بہترین پوزیشن( 33 ویں نمبر) پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے ڈاؤرچ بھی اپنے کیریئر کی بہترین 47ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ انہوں نے انگلینڈ کے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 81اور دوسری اننگز میں 116ناٹ آؤٹ بنائے تھے۔

بیٹسمین رینکنگ
بیٹسمینوں کی رینکنگ میں ویراٹ کوہلی بدستور پہلے نمبر پر ہیں، پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین ٹاپ ٹین میں شامل نہیں۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن دوسرے، بھارت کے چتیشور پجارا تیسرے، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ چوتھے، انگلینڈ کے جو روٹ پانچویں، آسٹریلیا ہی کے ڈیوڈ وارنر چھٹے، نیوزی لینڈ کے ہنری نکولز ساتویں، جنوبی افریقا کے ایڈن مارکرم آٹھویں، جنوبی افریقا ہی کے ہاشم آملہ نویں اور سری لنکا کے کرونا رتنے دسویں نمبر پر ہیں۔

بولرز کی رینکنگ
بولرز میں جنوبی افریقا کے کاگیسو ربادا پہلے، انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن دوسرے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز تیسرے، جنوبی افریقا کے ویرون فلینڈر چوتھے، بھارت کے رویندر جڈیجا پانچویں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ چھٹے، پاکستان کے محمد عباس ساتویں، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی آٹھویں، بھارت کے روی چندرن ایشوین نویں اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر دسویں نمبر پر ہیں۔

XS
SM
MD
LG