رسائی کے لنکس

بائیڈن اور ٹرمپ کے حمایتی ہالی وڈ ستاروں کا غیر حتمی نتائج پر ردِ عمل


ہالی وڈ اور امریکہ کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے کئی ستاروں اور نمایاں شخصیات نے امریکہ کے صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی کامیابی کی خبروں پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

ہالی وڈ کی قدامت پسند سیاست کی پیروکار شخصیات نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں ردعمل کا اظہارکیا اور بائیڈن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ہفتے کی دوپہر امریکہ کے بیشتر نشریاتی اداروں کی جانب سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے تحت صدارتی انتخاب میں جو بائیڈن کی فتح کی خبریں آنے کے فوری بعد امریکی اداکاروں اور اداکاراؤں، فلم سازوں اور گلوکاروں نے اپنے ردِ عمل کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کا رخ کیا۔

امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے نے بائیڈن اور کاملا ہیرس کی کامیابی کی رپورٹ پر اپنے تاثر کو یوں ٹوئٹ کیا، "خدا کا شکر ہے۔"

گلوکارہ لیڈی گاگا نے ٹوئٹ کی ہے کہ وہ امریکہ کے نئے کمانڈر اِن چیف اور پہلی خاتون نائب صدر پر اپنی محبتیں نچھاور کرتی ہیں۔ ان کے بقول اس انتخاب سے امریکہ کے عوام نے دنیا بھر کو ہمدردی اور بہادری کا پیغام دیا ہے۔

اداکار مارک روفالو نے لکھا ہے کہ ہم نے اس مقصد کے لیے سخت محنت کی اور اس راہ میں کئی خوب صورت لوگوں کو کھویا۔ اب ان کی یاد منانی چاہیے اور آگے بڑھنا چاہیے۔

اداکار اور ریاست کیلی فورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر نے کہا ہے وہ جو بائیڈن اور کاملا ہیرس کو وہی پیغام دینا چاہیں گے جو وہ ہر انتخاب کے بعد دہراتے ہیں کہ میں آپ کی کامیابی کا متمنی ہوں کیوں کہ آپ کی کامیابی اس ملک کی کامیابی ہے۔

اداکارہ وایولا ڈیوس نے تواتر سے کئی ٹوئٹس اور انسٹاگرام پوسٹس کی ہیں جن میں انہوں نے جو بائیڈن کی فتح پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔

ا​داکارہ ریز ودراسپون نے جو بائیڈن اور کاملا ہیرس کو مبارک باد دی ہے اور لکھا ہے کہ یہ ہماری قوم کی تاریخ کا شان دار لمحہ ہے۔

معروف اداکارہ اور کامیڈین ملیسا مک کارتھی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر "شکریہ" کے پیغام کے ساتھ آنجہانی ری پبلکن سینیٹر جان مکین اور امریکہ میں سیاہ فاموں کے حقوق کی جدوجہد کے آنجہانی رہنما اور جارجیا سے ایوانِ نمائندگان کے ڈیموکریٹ رکن رہنے والے جان لوئس کی ایک فرضی تصویر شیئر کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں کی روحیں جنت سے زمین کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

ماضی کے مشہور راک بینڈ دی رولنگ اسٹونز کے بانی رکن اور معروف برطانوی موسیقار مِک جیگر نے لکھا ہے کہ وہ ایک ایسے امریکہ کا دوبارہ سفر کرنے کے منتظر ہیں جو سخت الفاظ اور ایک دوسرے کو برے ناموں سے پکارنے سے پاک ہوگا۔

بائیڈن کی فتح کی خبریں نشر ہونے کے بعد کئی شوبز شخصیات نے بائیڈن کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

ہالی وڈ کے کئی ستاروں نے کاملا ہیرس کی تصویریں اور ان کے لیے اپنے پیغامات بھی جاری کیے ہیں اور انہیں امریکی تاریخ کی پہلی خاتون نائب صدر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

جہاں کئی ہالی وڈ ستارے جو بائیڈن کو مبارکباد دے رہے ہیں تو وہیں صدر ٹرمپ کے حمایتی ادکار ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے مطالبات اور صدر کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔

اداکار کیون سوربو نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ہے ہر غیر قانونی ووٹ کو پھینک دیں اور دوبارہ گنتی کریں یہ کوئی اتنا مشکل عمل نہیں ہے۔

سوربو نے کہا کہ امریکی عوام اب بھی سوئنگ ریاستوں سے ووٹنگ کے نتائج کا انتظار کر رہی ہے تاہم ڈیمو کریٹس منافقت کرتے ہوئے اپنی فتح کا اعلان کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی ٹوئٹ کی کہ بیجنگ میں جشن کا ماحول ہے اور اس بات سے ہی ہمیں صورتِ حال کا اندازہ ہو جانا چاہیے۔

اداکارہ کرسٹی ایلی نے بھی امریکی نشریاتی اداروں کی جانب سے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق جو بائیڈن کو کامیاب قرار دینے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفافیت پر سوال اُٹھا دیے۔


امریکی اداکار اسکاٹ بائیو نے بھی صدر ٹرمپ کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ لبرلز دھوکہ دیتے ہیں اور اُنہیں یہ بھی پرواہ نہیں کہ یہ معمر شخص کیسے جیت گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سینیٹ اور سپریم کورٹ میں اب بھی ری پبلکنز کو برتری حاصل ہے۔

XS
SM
MD
LG