وسطی امریکہ کی ریاست ہنڈورس کی ایک جیل میں بدھ کو فسادات کے دوران لگنے والی آگ میں 350 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
دارالحکومت تگوسیگالپا سے 75 کلومیٹر دور واقع اس جیل میں 800 قیدی موجود تھے اورسلامتی کے وزیر نے ہلاکتوں کی تعداد دوسو سے زیادہ بتائی ہے جبکہ مقامی تفتیشی افسران کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق اس واقعہ میں کم ازکم 350 لوگ ہلاک ہوئے۔
اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق ہنڈورس میں قتل کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے جہاں حکام کو گنجائش سے زیادہ بھری جیلوں میں جرائم پیشہ نوجوانوں کے گروہوں سے نمٹنے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
آگ بجھانے والے عملے نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جیل میں ہونے والی فائرنگ کے باعث وہ عمارت میں داخل نہیں ہوسکے جبکہ قیدی اپنی کوٹھڑیوں میں پھنسے ہوئے تھے۔