رسائی کے لنکس

وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن ہوپ ہِکس کا مستعفی ہونے کا اعلان


بدھ کی شام گئے بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’ہوپ ایک شاندار شخص تھیں، جنھوں نے گذشتہ تین برس تک نمایاں کام انجام دیا‘‘

وائٹ ہاؤس کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن ہوپ ہِکس مستعفی ہو رہی ہیں۔ وہ انتخابات سے قبل کے زمانے سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قریبی مشیر رہ چکی ہیں۔

بدھ کی شام گئے بیان میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’’ہوپ ایک شاندار شخص تھیں، جنھوں نے گذشتہ تین برس تک نمایاں کام انجام دیا‘‘۔

صدر کے الفاظ میں ’’وہ ذہین، عقل مند اور باوقار شخص رہی ہیں۔ جب وہ میرے سامنے نہیں ہوں گی تو اُن کمی محسوس ہوگی۔ لیکن، جب اُنھوں نے روزگار کے دیگر مواقع کے بارے میں اپنی خواہش کا اظہار کیا، تو میں مکمل طور پر قائل ہوا۔ مجھے پورا یقین ہے کہ بہت جلد ہم دوبارہ ایکساتھ کام کریں گے‘‘۔

انتیس برس کی ہِکس وائٹ ہاؤس میں کمیونیکیشن کی ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز کم عمر ترین اہل کار تھیں۔ اُنھوں نے ایوانِ نمائندگان کی انٹیلی جنس کمیٹی کی جانب سے منگل کے روز بند کمرے کے اجلاس میں متعدد سوالات کا جواب دینے سے انکار کیا تھا۔

قانون سازوں کے مطابق، ہکس نے ایوان کے پینل کو بتایا کہ کئی بار اُنھیں ’’سفید جھوٹ‘‘ بولنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

دریں اثنا، اُنھوں نے اس بات پر زور دیا کہ 2016ء کے صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت پر جاری چھان بین سے متعلق اُنھوں نے کبھی غلط بیانی سے کام نہیں لیا؛ جس میں ری پبلیکن پارٹی کے امیدوار، ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار، سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن کو شکست دی تھی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ ہکس پریشان تھیں، اور کمیٹی کی جانب سے منگل کے روز کی جانے والی پوچھ گچھ کے تجربے پر لرزاں تھیں۔

اس سے قبل، روس سے متعلق تفتیش کی نگرانی کرنے والے اسپیشل کونسل کی ٹیم اُن کا انٹرویو کر چکی ہے۔

XS
SM
MD
LG