رسائی کے لنکس

حوثی باغیوں کا سعودی تنصیبات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ


حوثی باغی اس سے قبل سعودی عرب کے ابھا ایئر پورٹ کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)
حوثی باغی اس سے قبل سعودی عرب کے ابھا ایئر پورٹ کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابھا کے ایئر پورٹ سمیت سعودی عرب کی دو تنصیبات پر ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باغیوں کے فوجی ترجمان نے المسیرا ٹی وی پر جاری کیے گئے بیان میں ان حملوں سے متعلق آگاہ کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے ابھا ایئر پورٹ اور خامس ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حوثی باغیوں کے فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ڈرون طیارے نے سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع ان دونوں ہوائی اڈوں کے کنٹرول ٹاورز کو نشانہ بنایا۔ سعودی حکام کی جانب سے ان حملوں کی تاحال تصدیق نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا میں کنٹرول رکھنے والے حوثی باغیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کی تنصیبات پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے ان حملوں کے جواب میں صنعا میں موجود حوثی باغیوں کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

سعودی عرب کا یہ موقف رہا ہے کہ ایران اپنے مذموم مقاصد کے لیے حوثی باغیوں کو سعودی عرب کے خلاف استعمال کر رہا ہے لہذٰا عالمی قوتوں کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے۔

حوثی باغی وقتاً فوقتاً سعودی تنصیبات پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
حوثی باغی وقتاً فوقتاً سعودی تنصیبات پر حملے کرتے رہتے ہیں۔

اقوام متحدہ نے یمن میں لڑائی کی شدت کے بعد جنگ بندی اور ساحلی شہر حدیدہ سے فوجوں کے انخلا کا معاہدہ تشکیل دیا تھا تاہم لڑائی میں شدت کے باعث یہ معاہدہ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

حدیدہ کی بندرگاہ حوثی باغیوں کے لیے رسد کی فراہمی اور یمنی عوام کے لیے اہم ہونے کے باعث خاص اہمیت رکھتی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں مغربی ممالک کے اتحاد نے 2015 میں یمن میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کی بحالی کے لیے مداخلت کی تھی۔

اس سے قبل 2014 میں خانہ جنگی کے دوران حوثی باغیوں نے حکومت کو گرا کر دارالحکومت صنعا پر قبضہ کرتے ہوئے نئی حکومت کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG