رسائی کے لنکس

امریکہ میں پولیس کیسے کام کرتی ہے؟


مقامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے والے ادارے کو 'میونسپل پولیس' کہا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو)
مقامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے والے ادارے کو 'میونسپل پولیس' کہا جاتا ہے۔ (فائل فوٹو)

امریکہ میں امن و امان قائم رکھنے کے سلسلے میں پولیس ان تین اہم حکومتی شعبوں میں شامل ہے جن کے ذریعے ملک کا نظام انصاف برائے جرائم کام کرتا ہے۔

پولیس کے ادارے شہری، کاؤنٹی اور ریاستی سطحوں پر اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ وفاق کے زیرِ انتظام مختلف قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی امن و امان قائم رکھنے کے ذمے دار اور نظامِ عدل کا حصہ ہیں۔

مقامی سطح پر قانون نافذ کرنے والے والے ادارے کو 'میونسپل پولیس' کہا جاتا ہے۔ میونسپل پولیس کا سائز علاقے کی آبادی سے مناسبت رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر نیویارک شہر میں پولیس کی تعداد تقریباً 35 ہزار ہے اور یہ امریکہ کی سب سے بڑی پولیس فورس ہے۔

اس کے برعکس چھوٹے قصبوں میں پولیس محض ایک 'شیرف' یا پولیس افسر پر بھی مشتمل ہو سکتی ہے۔

شہروں میں پولیس کا سربراہ 'پولیس چیف' کہلاتا ہے اور مقامی حکومت کو جواب دہ ہوتا ہے۔

کاؤنٹی پولیس اپنی جغرافیائی حدود میں شامل شہروں میں کام کرتی ہیں۔ اس فورس کی رہنمائی ایک شیرف کے سپرد ہوتی ہیں اور یہ عام طور پر جرائم کی تفتیش اور شاہراہوں پر گشت کرنے کے فرائض انجام دیتی ہے۔

مریکہ میں شیرف کسی شہر یا کاؤنٹی کی سطح پر قانون نافذ کرنے والی فورس کے سربراہ کو کہتے ہیں۔ شیرف کی مقرری انتخاب کے ذریعے عمل میں آتی ہے۔ (فائل فوٹو)
مریکہ میں شیرف کسی شہر یا کاؤنٹی کی سطح پر قانون نافذ کرنے والی فورس کے سربراہ کو کہتے ہیں۔ شیرف کی مقرری انتخاب کے ذریعے عمل میں آتی ہے۔ (فائل فوٹو)

امریکی ریاستوں میں ریاستی حکومت کے زیرِ انتظام فورس کو 'اسٹیٹ پولیس' یا 'ہائی وے پیٹرول' کہتے ہیں۔ عام طور پر یہ فورس 'ڈپارٹمنٹ آف پبلک سیفٹی' کا حصہ ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اسٹیٹ پولیس کو اٹارنی جنرل کے دفتر اور ریاستی دارالحکومتوں میں واقع قانون ساز اسمبلی کی عمارتوں یعنی اسٹیٹ کیپیٹلز کی حفاظت پر بھی مامور کیا جاتا ہے۔

بعض جگہوں پر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ذمہ دار کیمپس پولیس کے اہلکار بھی اسٹیٹ پولیس ہی کا حصہ ہوتے ہیں۔

وفاقی سطح پر فیڈرل پولیس امن و امان قائم رکھنے کی ذمہ دار ہے۔ اس کے علاوہ کئی وفاقی ایجنسیاں بشمول فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) پورے ملک میں محکمۂ انصاف کے تحت کام کرنے کے اختیارات رکھتی ہیں۔

پولیس یونین

امریکہ کے پولیس نظام کا ایک منفرد پہلو پولیس اہلکاروں کو حاصل انجمن سازی کا اختیار ہے۔ پولیس یونین سے مراد وہ تنظیم ہے جسے قانونی طور پر پولیس اہلکاروں کی نمائندگی کا حق حاصل ہے۔

پولیس یونین ایک طرح کی ٹریڈ یونین ہے اور اس کی بنیادی ذمہ داریوں میں پولیس افسروں کے حقوق کا دفاع اور ان کی فلاح و بہبود یقینی بنانا شامل ہے۔

امریکہ میں پولیس اہلکاروں کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین کا نام 'فریٹرنل آرڈر آف پولیس' ہے۔ اس تنظیم کے مطابق اس کے ارکان کی تعداد تین لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔

کیا امریکی پولیس میں اصلاحات ہو سکیں گی؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:03:03 0:00

روایتی طور پر امریکی پولیس یونینز ایسی کسی بھی اصلاحات کے خلاف ہیں جن سے پولیس افسران کی جانب سے اختیارات کے استعمال پر ان سے پوچھ گچھ کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جاسکے۔

امریکی پولیس یونین تنظیموں کو ایک طاقتور لابی (گروہ) بھی سمجھا جاتا ہے۔ 'اوپن سیکریٹس' نامی تنظیم کے مطابق امریکہ کی 55 مختلف پولیس یونینز اور امن و امان سے متعلق دیگر تنظیموں نے 1994 سے اب تک 10 لاکھ ڈالر سے زائد رقوم کانگریس کے مختلف الیکشنز میں امیدواروں کو بطور چندہ دی ہیں۔

شیرف اور اس کا کردار

امریکہ میں شیرف کسی شہر یا کاؤنٹی کی سطح پر قانون نافذ کرنے والی فورس کے سربراہ کو کہتے ہیں۔ شیرف کی تقرری انتخاب کے ذریعے عمل میں آتی ہے۔

بحیثیت ایک پولیس چیف شیرف اپنے علاقے کے عوام کو جواب دہ ہوتے ہیں اور ریاستی و امریکی آئین کے تحت اپنے فرائض انجام دیتے ہیں۔

امن و امان قائم رکھنے کے علاوہ شیرف کی ذمہ داریوں میں جیلوں کا انتظام اور سرکاری عمارتوں کی حفاظت بھی شامل ہے۔

امریکہ کی 50 میں سے 48 ریاستوں میں شیرف کام کر رہے ہیں اور 2015 کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں شیرفس کے تین ہزار 81 عہدے تھے۔ شیرف کی زیِر قیادت قانون نافذ کرنے والے ادارے کو 'شیرف کا ڈپارٹمنٹ' بھی کہتے ہیں۔

امریکی ریاستوں میں صرف الاسکا اور کنیٹیکٹ ایسی ریاستیں ہیں جہاں پر شیرف کی بحیثیت پولیس چیف پوزیشن نہیں ہے۔

امریکہ کی 42 ریاستوں میں شیرف کو چار سال کی مدت کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔

امریکہ میں موجودہ پولیس کے نظام کو نسل پرستی اور اور سیاہ فام برادری سے امتیازی اور جبری سلوک روا رکھنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ (فائل فوٹو)
امریکہ میں موجودہ پولیس کے نظام کو نسل پرستی اور اور سیاہ فام برادری سے امتیازی اور جبری سلوک روا رکھنے کے الزامات کا سامنا ہے۔ (فائل فوٹو)

شیرف کی کم سے کم مدتِ انتخاب دو سال ہے جو کہ ریاست آرکنسا اور نیو ہیمپشر میں ہے۔ شیرف کے عہدے کی زیادہ سے زیادہ مدت ریاست میساچوسٹس میں ہے جہاں شیرف منتخب ہونے کے بعد چھ سال تک اپنے فرائض انجام دیتا ہے۔

شیرف کے بعد دوسرے سینئر ترین افسر کو ڈپٹی شیرف یا صرف ڈپٹی کہا جاتا ہے۔ ریاست لاس اینجلس کا شیرف کا ڈپارٹمنٹ امریکہ میں شیرف کا سب سے بڑا قانون نافذ کرنے والا دفتر ہے جس کے تحت 16400 افسران کام کرتے ہیں۔

امریکہ میں پولیس کے قیام کے دو مختلف مقاصد تھے۔ مشرقی اور شمالی ریاستوں میں پولیس کی ذمہ داری تجارتی سامان اور راہ داریوں کی حفاظت تھی جب کہ جنوبی ریاستوں میں پولیس کا بنیادی کام غلامی کی زنجیریں توڑ کر بھاگنے والے سیاہ فام غلاموں کو پکڑ کر واپس لانا تھا۔

امریکہ میں موجودہ پولیس کے نظام کو نسل پرستی اور اور ملک میں آباد سیاہ فام اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ امتیازی اور جبری سلوک روا رکھنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

تازہ ترین سروے کے مطابق امریکی نوجواںوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ البتہ سفید فام آبادی کا بیشتر حصہ پولیس پر اعتماد کرتا ہے۔

امریکی نظام پولیس کا ڈھانچہ، فوائد و نقصانات

وفاقی، ریاستی اور شہری پولیس کے محکمے امریکہ کی مختلف سطحوں پر حکومت اور نظام انصاف برائے جرائم کا اہم حصہ ہیں۔

ان کے فرائض اور دائرہ کار مختلف ہیں۔ بعض اوقات ان کا دائرہ کار اوور لیپنگ کی صورت میں متجاوز بھی ہوتا ہے۔

عام طور پر نظام پولیس کے ڈھانچے کے متعلق دو خیالات پائے جاتے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ میں اس وقت تقریباً بیس ہزار کے قریب مقامی اور ریاستی پولیس ایجنسیز کام کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو)
ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ میں اس وقت تقریباً بیس ہزار کے قریب مقامی اور ریاستی پولیس ایجنسیز کام کر رہی ہیں۔ (فائل فوٹو)

ایک طرف ماہرین کہتے ہیں کہ امریکہ میں اس وقت تقریباً 20 ہزار کے قریب مقامی اور ریاستی پولیس ایجنسیز کام کر رہی ہیں۔ لہذا ان کے کام کرنے میں ہم آہنگی، رابطوں اور تعاون کی کمی ہے اور اس لیے ان کی کارکردگی بہت مؤثر نہیں ہے۔

امن و امان قائم کرنے کے ماہرین کہتے ہیں کہ اس ڈھانچے کی اصلاح ضروری ہے۔ کچھ ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ ان مختلف پولیس ایجنسیز کو ایک واحد بڑی فورس کی اکائیاں بنا دیا جائے۔

ایسے ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح ایک مربوط اور مرکزی انتظام کے ساتھ پولیس کا ادارہ بہتر کارکردگی دکھا سکے گا اور اس فورس کی ٹریننگ بھی بہتر ہو گی۔

دوسری طرف ماہرین کہتے ہیں کہ موجودہ نظام جمہوری نظامِ حکومت کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ کیوں کہ مقامی سطح پر پولیس مقامی حکومت کو جواب دہ ہوتی ہے اور ہم آہنگی سے کام کرتی ہے۔ ایسے ماہرین شہریوں اور پولیس کے درمیان بہتر رابطے کا حوالہ بھی دیتے ہیں۔

حالیہ برسوں میں جس اصلاح پر بار بار زور دیا گیا ہے وہ امریکی اقلیتی برادریوں کو پولیس کے ڈھانچے میں شامل کرنا ہے۔ تاکہ پولیس کے محکمے میں تمام برادریوں کو نمائندگی دے کر باہمی افہام و تفہیم پیدا ہو اور بہتر ٹریننگ کے ذریعے نسلی امتیاز کی شکایات کو کم کیا جا سکے۔

XS
SM
MD
LG