رسائی کے لنکس

حسد اور سازشو ں میں گھرے ایک گھر کی کہانی ’حیا کے دامن میں‘


سازشو ں اور حسد جیسی برائیوں میں گھرے اس گھر کی کھوئی ہوئی خوشیاں واپس آبھی سکیں گی یا نہیں، یہی اسی سیریل کا تانا بانا ہے

کراچی ...گزشتہ سہ ماہیوں میں کئی کامیاب سیریلز دینے کے بعد ’ہم ٹی وی‘ سے ایک اور نئی ڈرامہ سیریل ’حیا کے دامن میں‘ شروع ہونے والا ہے، جس کی کہانی ایک نٹ کھٹ اور معصوم سی لڑکی حیا کے گرد گھومتی ہے۔

حیا نے اکلوتی بیٹی ہونے کی وجہ سے آنکھ کھولتے ہی اپنے دامن میں خوشیوں کو پھولوں کی طرح مہکتے دیکھا۔ حیا اپنے والدین اور دونوں بڑے بھائیوں فارد اور عاشر کی آنکھ کا تارہ ہے۔

فارد کی بیوی بھی حیا کا ہر طرح سے خیال رکھتی ہے لیکن قدرت کی ستم ظریفی کہ جس دامن میں پھول مہکا کرتے تھے ،وہی دامن وقت کے کروٹ بدلتے ہی رسوائی کے داغ سے بدنما ہو جاتا ہے۔

خوشیوں سے بھرے اس گھر کو نظر اس وقت لگتی ہے جب عاشر کی شادی ہوتی ہے۔ عاشر کی بیوی مزنا، حیا کو پسند نہیں کرتی اور شروع دن سے ہی اس کے خلاف سازشیں شروع کر دیتی ہے۔ ان سازشوں سے نا صرف رشتوں میں دراڑ پڑ جاتی ہے بلکہ کئی گھر بھی ٹوٹ کے بکھر جاتے ہیں۔

سازشوں اور حسد جیسی برائیوں میں گھرے اس گھر کی کھوئی ہوئی خوشیاں واپس آبھی سکیں گی یا نہیں، یہی اسی سیریل کا تانا بانا ہے۔

سیریل وسیم احمد کی تحریر کردہ ہے جبکہ ہدایات سید وہاب جعفری نے دی ہیں اور پیشکش ہے مومنہ درید کی جبکہ اداکاروں میں جہانزیب، ندا خان، حماد احمد فاروقی، مریم نفیس، بہروز سبزواری، فضیلہ قاضی، محمد قوی خان، افشاں قریشی، سنگیتا اور عنبر واجد شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG