رسائی کے لنکس

’تمہارے سوا‘۔۔ ایک منصوبہ جو آپسی تعلقات ناگوار بنا گیا


سیریل، ’تمہارے سوا‘ دو دوستوں آذر و ارسل اور ان کی بیویوں کے گرد گھومتی ہے۔ آذر اور ارسل نے ابتدائی تعلیم کے علاوہ کالج میں بھی ایک ساتھ ہی پڑھا۔ یہی نہیں بلکہ دونوں کو نوکری بھی ایک ہی نجی ائیرلائن میں ملی۔ آذر کیپٹن جبکہ ارسل فرسٹ آفیسر ہے

پاکستان کا نجی ٹی وی چینل ’ہم‘ اب ایک نیا سیریل شروع کرنے والا ہے، جس کا نام ہے ‘تمہارے سوا‘۔

’تمہارے سوا‘ دو دوستوں آذر و ارسل اور ان دونوں کی بیویوں کے گرد گھومتی ہے۔ آذر اور ارسل نے ابتدائی تعلیم کے علاوہ کالج میں بھی ایک ساتھ ہی پڑھا۔ یہی نہیں بلکہ دونوں کو نوکری بھی ایک ہی نجی ائیرلائن میں ملی۔ آذر کیپٹن جبکہ ارسل فرسٹ آفیسر ہے۔

اتفاق دیکھئے کہ دونوں کی بیویاں بھی کالج کے زمانے کی دوست ہیں۔۔ یوں چاروں میں مثالی تعلقات ہیں۔

کیپٹن ارسل اور ان کی بیوی ثمرہ سادہ مزاج ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ زندگی کے ہر معاملے اور مسئلے میں آذر اور رانیہ سے مشورہ کرتے ہیں۔ یہ دونوں جوڑے خوشحال زندگی گزار رہے ہیں کہ ایک دن ارسل کو پتہ چلتا ہے کہ ثمرہ کو کینسر ہے اور اس کے علاج کے لئے بیرون ملک جانا پڑے گا۔

ارسل کی میڈیکل پالیسی ثمرہ کے لئے علاج معالجے کے لئے درکار اخراجات کو کور نہیں کرتی۔ آذر دوستی کا حق ادا کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے، لیکن ان کی تمام جمع پونجی بھی علاج کے اخراجات کے لئے کافی نہیں ہوتی۔

بہت سوچ بیچار کے بعد آذر، ثمرہ کی جان بچانے کے لئے ایک منصوبہ سب کے سامنے رکھتا ہے۔ لیکن، اس منصوبے کے جو خطرناک نتائج نکلتے ہیں وہ سب کو ہلا دتے ہیں۔

اسی منصوبے کے سبب، سب کی زندگیاں مشکلات میں گھر جاتی ہیں اور اذیتوں و نفرتوں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ آخر یہ منصوبہ تھا کیا؟۔۔یہی اس سیریل کا اصل راز ہے۔

چینل کی جانب سے وی او اے کو جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ’تمہارے سوا‘ کو تحریر کیا ہے وصی شاہ نے، جبکہ ہدایات دی ہیں سکینہ سموں نے۔ پیشکش مومل انٹرٹینمنٹ کی ہے اور اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں احسن خان، عائشہ خان، نور حسن، منشاء پاشا، سلینہ سپرہ اور لنبیٰ اسلم نے۔

XS
SM
MD
LG