رسائی کے لنکس

logo-print

مصروفیت بڑھ گئی، اب بھارت ’دوسرا گھر‘ لگتا ہے: عمیمہ ملک


عمیمہ ملک کے مطابق، ان کی بالی وڈ میں مصروفیت اتنی بڑھ گئی ہے کہ بھارت اب دوسرا گھر لگنے لگا ہے۔ پہلے زیادہ تر وقت دبئی، پاکستان اور بھارت کے درمیان سفر میں گزرتا تھا۔ لیکن، اب کام بڑھ جانے کی وجہ سے، بھارت میں قیام کا عرصہ زیادہ ہے

پاکستانی ماڈل اور ایکٹریس عمیمہ ملک کی پہلی بالی وڈ فلم ’راجا نٹورلال‘ کی ریلیز میں ابھی کچھ وقت باقی ہے۔ لیکن، اس سے قبل ہی ان کے فن نے بالی ووڈ پروڈیوسروں پر گویا جادو کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنی تین نئی فلموں کے لئے عمیمہ کو باقاعدہ سائن کر لیا ہے۔

بھارتی میگزین ’دکن کرونکل‘ سے بات چیت میں عمیمہ نے بتایا کہ انہوں نے میگا ہٹ ’تھری ایڈیٹس‘ کے فلم میکر ودھوونود چوپڑہ کے ساتھ تین فلمیں سائن کرلی ہیں۔ تاہم، ان میں سے ابھی تک ایک بھی فلم فلور پر نہیں جاسکی ہے جس پر عمیمہ کا کہنا ہے کہ ’ودھوونود چوپڑہ شاید عامرخان کی آنے والی فلم ’پی کے‘ کی وجہ سے مصروف ہیں اسی لئے فلم کا آغاز نہ ہوسکا۔‘

عمیمہ ملک کے مطابق ان کی بالی وڈ میں مصروفیت اتنی بڑھ گئی ہے کہ بھارت اب دوسرا گھر لگنے لگا ہے۔ پہلے زیادہ تر وقت دبئی،پاکستان اور بھارت کے درمیان سفر میں گزرتا تھا، لیکن اب کام بڑھ جانے کی وجہ سے بھارت میں قیام کا عرصہ زیادہ ہے۔

عمیمہ سے بالی وڈ میں کام کرنے والی دوسری ایکٹریسس وینا ملک اور میرا کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے اپنے روایتی بولڈ انداز میں جواب دیا ’میں تو صرف ایک ہی پاکستانی ایکٹریس کو جانتی اورمانتی ہوں جس نے باوقار انداز میں بالی وڈ میں کام کرکے شہرت اور عزت کمائی اور وہ تھیں زیبا بختیار۔۔میں بھی زیبا کی طرح بالی وڈ میں اپنے کام سے اپنا مقام بنانا چاہتی ہوں۔‘

عمیمہ ملک کو بالی وڈ میں پہلی فلم ’راجا نٹورلال‘ کی آفر کرنے والے یوٹی وی موشن پکچرز سے اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے عمیمہ نے کہا کہ ’یہ سب افواہیں ہیں۔ میرا نہ تو یوٹی وی اور نہ ہی عمران ہاشمی سے کوئی اختلاف ہے۔ یہ بھی درست نہیں کہ مجھے یوٹی وی موشن پکچرز نے تین فلموں میں سائن کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ حقیقت یہ ہے کہ یوٹی وی سے میرا معاہدہ بس ایک فلم کے لئے تھا۔‘

XS
SM
MD
LG