رسائی کے لنکس

سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جارہا ہے، حمائمہ ملک کی شکایت


سائبر بولنگ سے پریشان حمائمہ نے ایف آئی اے میں تنگ کرنے والے ’نامعلوم ‘ افراد کو ڈھونڈنے اور ان کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دی ہے۔

دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی ’سائبربولنگ‘ یا سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں اور اس کا شکار ہونے والوں میں عام لوگوں سے لے کر شو بزنس سے جڑی شخصیات بھی شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پرہراساں کرنے والوں نے اس بار نشانہ بنایا ہے مشہور اداکارہ اور ماڈل حمائمہ ملک کو۔

سائبر بلنگ سے پریشان حمائمہ نے ایف آئی اے میں تنگ کرنے والے ’نامعلوم ‘ افراد کو ڈھونڈنے اور ان کے خلاف کار روائی کے لئے درخواست دے دی ہے۔

سترہ سال سے شوبز سے وابستہ حمائمہ ملک نے انگریزی اخبار ’ایکسپریس ٹریبیون‘ سےبات چیت میں بتایا کہ انہیں گزشتہ چارماہ سے سوشل میڈیا پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’خاموش رہنے سے ہراساں کرنے والوں کی ہمت بڑھتی ہے۔ ایسے لوگوں کو بے نقاب ہونا ہی چاہئے۔ اسی لئے میں نے خاموشی توڑنے کا فیصلہ کیا۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’وقت آ گیا ہے کہ ہم سب تشدد کی اس نئی قسم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔‘

حمائمہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ’مجھے اس سارے عرصے کے دوران شدید ذہنی اذیت اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ ایک خوفناک تجربہ تھا۔ ہراساں کرنے کا سلسلہ اتنا بڑھ گیا تھا کہ میری روز مرہ کی سرگرمیوں اور زندگی پر اثر پڑنے لگا تھا۔۔مجھے لگتا تھا کہ یہ سلسلہ کبھی ختم نہیں ہو گا۔‘

حمائمہ ملک نے کہا ’’ اگر ایسے واقعات نظرانداز کئے گئے اور ان کے خلاف آواز نہیں اٹھائی گئی تو سوشل میڈیا پر لوگوں کی زندگی اجیرن کرنے والوں کے حوصلے بڑھیں گے جس کے نتائج سنگین ہوں گے۔ اپنے آنے والی فلم کی پروموشن کے دوران بھی یہ مسئلہ ہر جگہ اٹھاؤں گی۔‘‘

حمائمہ ملک اور شان شاہدکی فلم ارتھ کا پاکستانی سیکوئل رواں سال ریلیز ہو گا جو بالی وڈ کے ویٹرن فلم میکرمہیش بھٹ کی پرانی فلم’’ ارتھ ‘‘کا ری میک ہے۔

XS
SM
MD
LG