رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا


انگلینڈ، بنگلادیش اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں یوں آج کی فاتح ٹیم یعنی پاکستان کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

چیمپئنز ٹرافی کرکٹ کے سلسلے میں پیر کو کارڈف میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے ایونٹ کے 12 ویں میچ میں پاکستان نےسری لنکا کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔

سری لنکا کو شکست دینے کے لئے پاکستان کے پاس 237 رنز کا ٹارگٹ تھا جو اس نے کامیابی کے ساتھ عبور کیا۔ پاکستان نے یہ ہدف 44 اعشاریہ 5 اوورز میں حاصل کیا۔ سرفراز احمد نے مشکل صورتحال میں61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان سیمی فائنل کے لئے بھی کوالیفائی کرگیا جبکہ سری لنکا ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

انگلینڈ، بنگلادیش اور بھارت کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ یوں آج کی فاتح ٹیم یعنی پاکستان کا مقابلہ پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ سے ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا۔

پاکستان کی جانب سے فخر زمان 50، اظہر علی 34، محمد عامر 28، اور سرفراز احمد 61 رنز بناکر نمایاں رہے۔ جبکہ باقی کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی 15 رنز یا اس سے کم ہی بنا سکا۔

سرفراز احمد خوش قسمت ثابت ہوئے۔ ان کے دو مرتبہ کیچ ڈراپ ہوئے ۔

سری لنکا کی جانب سے آخری چند اوورز میں کمزور فیلڈنگ دیکھنے کو ملی۔ ایک جانب فیلڈرز نے کیچ ڈراپ کئے تو ایک بار وکٹ کیپر کی غلطی سے چوکا پڑا۔ ایک دو مرتبہ مس فیلڈنگ کی وجہ سے رن آؤٹ کرنے کے مواقع بھی ضائع ہوئے۔

پاکستان اننگز
اظہر علی اور فخر زمان نے اننگز کی شروعات کی۔ آغاز اچھا ہوا اور 74 رنز تک پاکستان کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا تھا۔ مگر 74 رنز پر فخر زمان کو گنا رتنے نے پردیپ کی بال پر کیچ کرلیا۔ وہ 36بالز پر 50رنز بنا سکے۔

اس کے بعد آؤٹ ہونے والے تھے بابر اعظم جو 92 کے مجموعی اسکور پر پردیپ کی بال پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔بابر صرف 10رنز ہی بناسکے۔

ابھی اسکور میں 3 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ محمد حفیظ ایک رن کا انفرادی اسکور بناکر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں پریرا کی بال پرپردیپ نے کیچ کیا۔

اوپنر اظہر علی ٹیم کے مجموعی اسکور 110 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مینڈس نے لکمل کی گیند پر کیچ کیا۔

اظہر کے بعد بیٹنگ کی ذمے داری سرفراز احمد پر آئی جبکہ شعیب ملک پہلے سے کریز پر موجود تھے۔

ملک 11 رنز ہی بناسکے تھے کہ ڈک ویلانے انہیں اپنا شکار بنالیا۔ انہیں ملنگا نے کیچ آؤٹ کیا۔

شعیب ملک اپنے کیریئر کےآج کھیلے گئے 250 ویں میچ کو یادگار نہ بناسکے تاہم وہ 250 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنےوالے پاکستان کے دسویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔

نئے کھلاڑی کے طور پر عماد وسیم ، سرفراز احمد کا ساتھ دینے کریز پر آئے لیکن وہ تین بالز پر صرف چار رنز ہی بناسکے ۔ انہیں بھی پردیپ نے ڈک کے ہاتھوں کیچ کرایا۔

کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلنے والے فہیم اشرف منفرد انداز میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے شارٹ کھیلا جسے بالر پریرا نے روکنے کے لئے ہاتھ آگے بڑھایا۔ بال ان کے ہاتھ سے ٹکرائی اور سیدھی وکٹوں سے جا ٹکرائی اور تھرڈ مین ایمپائر نے انہیں رن آؤٹ قرار دے دیا۔

آٹھویں کھلاڑی کے طور پر محمد عامر آئے۔ اگر چہ عامر بالر ہیں لیکن انہوں نے سرفراز احمد کا بھرپور ساتھ دیا۔ ایک جانب وکٹ کو رکے رکھا تو دوسری جانب کچھ اچھے شارٹس کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں بھی اضافہ کیا۔

کپتان سرفراز احمدنے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکن بولرز کا جم کر سامنا کیا اور مشکل صورتحال میں 61 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کابیڑہ پار لگایا۔

انہیں مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ سرفراز احمد اور محمد عامر نے آٹھویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 75رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے پردیپ نے تین اور لکمل،پریرا و ملنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل 14 جون کو اسی گراؤنڈ پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اور دوسرا سیمی فائنل 15جون کو کھیلاجائے گا۔ منگل کو ایک روز کا وقفہ ہے اور کوئی میچ نہیں ہوگا۔

سری لنکا اننگز
اس سے قبل سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 237 رنز کا ہدف دیا۔

نیروشن ڈک ویلا نے 73 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جنید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

صوفیہ گارڈنز کارڈف میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت اپنے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ 26 کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو پہلا نقصان گونا تھیلا کا کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ صرف 13 رنز بناکر جنید خان کا شکار بنے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈکویلا اور مینڈس نے 56 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 82 رنز تک پہنچایا۔ اس موقع پر حسن علی نے مینڈس کو 27 رنز پر کلین بولڈ کردیا۔

اسکور میں ابھی صرف ایک ہی رن کا اضافہ ہوا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین چندیمل کو کیریئر کا پہلا ون ڈے کھیلنے والے فہیم اشرف نے کلین بولڈ کر کے پویلین کی راہ دکھا ئی۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کے بعد ڈک ویلا اور کپتان میتھیوز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 78 رنز جوڑے۔ میتھیوز 39 رنز بناکر محمد عامر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔

ڈی سلوا صرف ایک رن بناکر جنید خان کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، ڈک ویلا شاندار 73 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے۔

پریرا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ لکمل نے کسی حد تک پاکستانی بولرز کے خلاف مزاحمت کی اور 26 رنز بنائے، ملنگا نے 9 اور پردیپ نے صرف ایک رن بنایا۔ یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 2 اوور ز میں 236 رنز ہی بناسکی۔

پاکستان کی طر ف سے جنیدخان اور حسن علی نے 3، 3جبکہ محمد عامر اور فہیم اشرف نے دو، دو وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG