رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ کا بھارت کو جیت کے لیے 192 رنز کا ہدف


جنوبی افریقہ کی جانب سے وکٹوں کے درمیان دوڑنے کا بدترین مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔رن لیتے ہوئے کئی مواقع پر کوآرڈی نیشن کا فقدان رہا جس کے باعث ڈیولیئرز اور ڈیوڈ ملر سمیت تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارت کو جیت کیلئے 192 رنز کا ہدف دیا ہے۔جنوبی افریقہ کے تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

کنگسٹن اوول میں بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ جنوبی افریقا کی طرف سے کوئنٹن ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے ابتداء میں محتاط انداز اپنایا اور 10 اوورز میں صرف 35 رنز بنائے۔ پھر رنز بنانے کی رفتار بڑھی اور اگلے سات اوورز میں اسکور 76رنز تک پہنچ گیا۔

اس موقع پر ہاشم آملہ 35رنز بناکر ایشوین کی گیند پر دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

آملہ کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈوپلیسی بیٹنگ کیلئے آئے اور ڈی کوک کےساتھ 40رنز کی شراکت قائم کی لیکن یہ شراکت زیادہ طویل نہ ہوسکی اور ڈی کوک 53رنز کی اننگز کھیل کر چلتے بنے۔

کپتان اے بی ڈیولیئرز آج بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 16کے اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ ڈیوڈ ملراور ڈوپلیسی رن لینے کے دوران شدید غلط فہمی کا شکار ہوئے جس کے نتیجے میں ملر کو وکٹ گنوانا پڑی۔وہ صرف ایک رن ہی بناسکے۔

ڈوپلیسی کو پانڈیا نے 36رنزپر کلین بولڈ کردیا۔جنوبی افریقہ کی پانچ وکٹیں 81رنز کے اضافے پر گریں۔

ڈیولیئرز اس چیمپئنز ٹرافی میں اکھڑے اکھڑے سے نظر آئےاور تین میچوں میں 6 اعشاریہ 6 کی اوسط سے صرف 20 رنز بنائےجو کسی بھی سیریز یا ایونٹ میں ان کا کم ترین اسکور ہے۔

وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایسے ہی جاری رہا او پوری ٹیم 44 اعشاریہ 3 اوورز میں 191 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ڈومینی 20رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے وکٹوں کے درمیان دوڑنے کا بدترین مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ رن لیتے ہوئے کئی مواقع پر کو آرڈی نیشن کا فقدان رہا جس کے باعث ڈیولیئرز اور ڈیوڈ ملر سمیت تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی طرف سے بھونیشور کمار اور بومرہ نے دو، دو جبکہ ایشوین، پانڈیا اور جدیجا نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG