رسائی کے لنکس

چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان 19 رنز سے فاتح


اس جیت کے ساتھ ہی گروپ بی میں بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں نے دو دو میچ کھیلے ہیں اور ان کے 2، 2 پوائنٹس ہیں. سری لنکا نے ایک میچ کھیل کر کوئی پوانٹ حاصل نہیں کیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی کے بدھ کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 19 رنز سے ہرادیا، بارش سے متاثرہ میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہوا۔

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کیلئے 220 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستان کے اوپنرز خصوصاً کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے فخرزمان نے اچھا آغاز فراہم کیا۔ فخرزمان نےجنوبی افریقہ کے دونوں بولرز پارنیل اور ربادا کے خلاف آف سائیڈ پر کئی دلکش اسٹروکس کھیلے اور صرف 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 31رنز بنالئے۔

اس دوران کپتان ڈیولیئرز نے بولنگ میں تبدیلی کی اور مورکیل کو اٹیک کیلئے لائے۔پہلے ہی اوور میں مورکیل نے پہلے فخرزمان کو آؤٹ کیا اور پھر اظہرعلی نے عمران طاہر کو وکٹ کے پیچھے ایک آسان کیچ دے دیا۔ اظہر نے 22 گیندوں پر صرف 9 رنز بنائے۔

اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا نقشہ یکسر تبدیل ہوگیا۔ نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم اور محمد حفیظ جنوبی افریقہ کے بولرز کے شدید دباؤ میں نظر آئے،7 اعشاریہ 4 اوورز میں پاکستان کا اسکور 41 رنز تھا لیکن اگلے اتنے ہی اوورز میں صرف 16 رنز بنے۔

دونوں بیٹسمینوں نے محتاط اور سست رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے 94 گیندوں پر 52 رنز کی شراکت داری قائم کی۔جنوبی افریقہ کے کپتان نے ایک بار مورکیل کو بولنگ کا موقع دیا۔ مورکیل نے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے محمد حفیظ کو پویلین واپس بھیج دیا۔ حفیظ نے 53 گیندوں کا سامنے کرتے ہوئے 26 رنز بنائے۔

27 اووز کا کھیل مکمل ہوا تھا کہ بارش دوبارہ شروع ہوگٰئی جس کے باعث میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا اور پاکستان کو فاتح قرار دے دیا گیا۔

میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ پر ہوا، جس کے تحت 27 اوورزمیں پاکستان کا اسکور 100رنز ہونا ضروری تھا لیکن اس کا اسکور 119 رنز تھا لہٰذا پاکستان نے یہ میچ 19 رنز سے جیت لیا۔

جب کھیل ختم ہوا تو بابراعظم 31 اور شعیب ملک 16 رنز پرکھیل رہے تھے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے مورنے مورکیل نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے تھے۔ ڈیوڈ ملر ناقابل شکست 75 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی طر ف سے حسن نے علی 3، جنید خان اور عماد وسیم نے 2،2 جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس جیت کے ساتھ ہی گروپ بی میں بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے جبکہ پاکستان اور جنوبی افریقہ دونوں نے دو دو میچ کھیلے ہیں اور ان کے پوائنٹس بھی 2، 2 ہی ہیں. سری لنکا نے ایک میچ کھیل کر کوئی پوانٹ حاصل نہیں کیا۔

گروپ بی میں کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کنگسٹن، اوول میں میچ کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کا اگلا میچ 12 جون کو صوفیا گارڈنز،کارڈف میں سری لنکا کے ساتھ ہو گا۔

XS
SM
MD
LG