رسائی کے لنکس

آئی سی سی ٹیم آف دی ایئر کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر


آئی سی سی کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل گیارہ رکنی ٹیم میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے جگہ بنائی ہے جنہیں اس ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل گیارہ رکنی ٹیم میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے جگہ بنائی ہے جنہیں اس ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 'ون ڈے ٹیم آف دی ایئر' کا اعلان کر دیا ہے جس کی قیادت بابر اعظم کو سونپی گئی ہے۔

آئی سی سی نے منگل کو کیلنڈر ایئر 2022 میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے 11 کھلاڑیوں پر مشتملٹیم کا اعلان کیا۔ اس ٹیم میں آسٹریلیا، بھارت، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے دو دو جب کہ پاکستان، بنگلہ دیش اور زمبابوے کے ایک ایک کھلاڑی نے جگہ بنائی ہے۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اس ٹیم میں شامل ہیں جنہیں آئی سی سی نے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا ہے۔

آئی سی سی کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حال ہی میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد بابر اعظم کی کپتانی پر شدید تنقید کی جا رہی تھی۔ لیکن 2022 کے دوران بابر اعظم کی کپتانی میں پاکستان ٹیم نے ون ڈے فارمیٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق 2022 کے کیلنڈر ایئر میں بابر اعظم نے 9 ون ڈے میچز میں 84 اعشاریہ آٹھ سات کی اوسط سے 679 رنز بنائے اور ان کی قیادت میں پاکستان نے تین ون ڈے سیریز جیتیں۔

کیلنڈر ایئر 2022 میں بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم کو نو میچز میں سے صرف ایک میں شکست ہوئی جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ہرایا تھا۔

آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ ٹاپ آرڈر کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔

اس ٹیم میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھارت کے شہریاس ایئر جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں جنہوں نے کلینڈر ایئر 2022 کے دوران 17 میچز کھیل کر 724 رنز بنائے جس میں ایک سینچری اور چھ نصف سینچریاں شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ٹام لیتھم اس ٹیم میں پانچویں نمبر پر ہیں جنہیں وکٹ کیپر مقرر کیا گیا ہے۔ زمبابوے کے سکندر رضا اور بنگلہ دیش کے مہدی حسن کو بطور آل راؤنڈر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بالر الزاری جوزیف کیلنڈر ایئر میں کھیلے گئے 17 میچز میں 27 وکٹیں حاصل کر کے ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اسی طرح بھارت کے محمد سراج، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا کو بالترتیب نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر رکھا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG