رسائی کے لنکس

ٹیسٹ رینکنگ: یاسر شاہ دنیا کے 10 بہترین بولرز میں شامل


دبئی ٹیسٹ میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے کے بعد یاسر شاہ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں 9 درجے بہتری کے بعد دنیا کے دس بہترین بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ فاسٹ بولر محمد عباس تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ کوئی بھی ملکی بیٹسمین ’ٹاپ ٹین‘ میں جگہ نہیں بنا سکا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں میں بھارت کے ویراٹ کوہلی بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔

پابندی کے شکار آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیو اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن تیسرے، انگلینڈ کے جو روٹ چوتھے، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں، بھارت کے چتیشور پجارا چھٹے، سری لنکا کے ڈیموتھ کرونا رتنے ساتویں، جنوبی افریقہ کے ڈین ایلگر آٹھویں، جنوبی افریقہ کے ہی ایڈن مارکرم نویں اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ایک درجہ بہتری کے بعد دسویں نمبر پر ہیں۔

بیٹسمینوں میں پاکستان کے اظہر علی تین درجے بہتری کے بعد گیارہویں پوزیشن آگئے ہیں۔

بولرز رینکنگ میں جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کاگیسو ربادہ ایک فیصد پوائنٹس کی بہتری کے بعد انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن کو پیچھے دھکیلتے ہوئے پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

انگلینڈ کے جیمس اینڈرسن دوسرے، پاکستان کے محمد عباس تیسرے، جنوبی افریقہ کے ویرون فلینڈر چوتھے، بھارتی اسپنر رویندرا جڈیجا پانچویں، آسٹریلیا کے پیٹ کومنز چھٹے، بھارت کے روی چندرن ایشوین ساتویں، نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ آٹھویں، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نویں اور پاکستان کے یاسر شاہ نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ پرفارمنس دے کر 9 درجے بہتری کے بعد اب دسویں نمبر پر ہیں۔

ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھی کوئی پاکستانی پہلے دس نمبرز میں شامل نہیں ہے۔ بنگلادیش کے شکیب الحسن بدستور ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈر ہیں۔

بھارت کے رویندر جڈیجا دوسرے، ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسرے، جنوبی افریقہ کے ورنن فلینڈر چوتھے، انگلینڈ کے بین اسٹوکس ایک درجہ بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر ہیں۔

بھارت ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین ٹیم ہے جبکہ ٹیموں میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے۔

XS
SM
MD
LG