رسائی کے لنکس

ورلڈکپ سیمی فائنل کی پچ تبدیلی کے الزام پر آئی سی سی کی وضاحت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل مقابلے کی پچ تبدیل کیے جانے سے متعلق خبر پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی وضاحت سامنے آگئی ہے۔

برطانوی اخبار 'ڈیلی میل' نے بدھ کو ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی اجازت کے بغیر سیمی فائنل کے لیے مختص کردہ پچ تبدیل کر دی ہے جس کا مقصد میزبان ٹیم کو فائدہ پہنچانا تھا۔

تاہم آئی سی سی نے مذکورہ خبر کے شائع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی اس پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے معمول کی کارروائی قرار دیا۔

آئی سی سی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتنے طویل ایونٹ میں پچز کی تبدیلی عام بات ہے اور ورلڈکپ ایونٹ کے دوران ایسا کئی بار کیا گیا ہے۔

برطانوی اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم کی پچ نمبر سات پر میچ کھیلا جانا تھا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر سیمی فائنل پچ نمبر چھ پر کھیلا جائے گا جس کا مقصد میزبان ٹیم کے اسپنرز کو فائدہ پہنچانا ہے۔

ورلڈکپ سیمی فائنل کے ٹاس کے موقع پر جب دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے پچ پر بات کی تو بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ پچ بہت اچھی ہے اور بظاہر سلو معلوم ہوتی ہے جب کہ کیویز کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ یہ استعمال شدہ پچ ہے۔

آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیمی فائنل کی پچ کی تبدیلی کیوریٹر (پچ بنانے والے) کی تجویز کی روشنی میں کی گئی تھی جب کہ آئی سی سی کے آزاد پچ کنسلٹنٹ کو پچ کی تبدیلی سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یہ کوئی معقول بات نہیں کہ پچ کھیل کے لیے اچھی نہیں تھی۔

واضح رہے کہ بھارت نے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے تھے جب کہ کیویز ٹیم 327 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی تھی۔ اس طرح میزبان بھارت ٹیم نے کیویز کو 70 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی۔

سیمی فائنل کی خاص بات بھارت کی جانب سے دو اور نیوزی لینڈ کی جانب سے ایک کھلاڑی کی سینچری تھی۔ میچ میں وراٹ کوہلی نے 117، شہریاس ایئر نے 105 جب کہ ڈیرل مچل نے 134 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارتی فاسٹ بالر محمد شامی کامیاب ترین بالر ثابت ہویئے جنہوں نے بھارتی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور 57 رنز کے عوض سات وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

فورم

XS
SM
MD
LG