رسائی کے لنکس

ٹی20 ورلڈ کپ 2020ء کے شیڈول کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2020ء کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ایونٹ کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔

ورلڈ کپ مقابلے 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک ہوں گے۔ ابتدائی مرحلے میں کوالیفائرز ہوں گے جس کے نتیجے میں 'سپر 12' مرحلے کی چار ٹیموں کا تعین ہوگا۔

پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کو پہلے ہی 'سپر 12' میں رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ میں 'سپر 12' راؤنڈ کا پہلا میچ میزبان ملک آسٹریلیا اور ورلڈ نمبر ون ٹی 20 ٹیم پاکستان کے درمیان 24 اکتوبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

بھارت اسی روز اپنا پہلا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف پرتھ میں کھیلے گا۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے مہم کا آغاز اتوار 25 اکتوبر کو ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔

سیمی فائنل میچز 11 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر اتوار، 15 نومبر کو ہوگا۔

ایونٹ میں شریک 12 ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ ون میں پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جب کہ دیگر دو ٹیموں کا فیصلہ پہلے راؤنڈ کے بعد ہوگا۔

گروپ ٹو بھارت، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیموں پر مشتمل ہے۔ گروپ کی دیگر دو ٹیمیں پہلے راؤنڈ کے بعد سامنے آئیں گی۔

پہلی مرتبہ خواتین اور مردوں کا ٹی 20 ورلڈ کپ ایک ہی سال اور ایک ہی ملک میں علیحدہ علیحدہ ایونٹس کے طور پر منعقد کیا جارہا ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ میں ٹاپ ٹین ٹیموں کے درمیان 21 فروری سے 8 مارچ تک 23 میچز کھیلے جائیں گے جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت، سری لنکا اور کوالیفائر نمبر ایک شامل ہیں جب کہ گروپ بی انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، پاکستان اور کوالیفائر نمبر دو پر مشتمل ہوگا۔

XS
SM
MD
LG