رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 کے شیڈول کا اعلان؛ پاکستان اور بھارت دوبارہ ایک ہی گروپ میں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

آسٹریلیا کی میزبانی میں کھیلے جانے والے اس ورلڈکپ میں 16 ٹیمیں شریک ہوں گی اور یہ سپر 12 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ یعنی براہِ راست کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کے علاوہ چار ٹیمیں کوالیفائنگ میچ کھیلیں گی جب کہ مزید چار ٹیمیں بھی سپر 12 مرحلے میں جگہ بنانے کی کوشش کریں گی۔

ایونٹ میں پہلے سے کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 'اے' میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ گروپ 'بی' میں پاکستان، بھارت، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ہیں۔

گروپ 'بی' بظاہر آسان ٹیموں پر مشتمل ہے جس میں بنگلہ دیش کی ٹیم بھی ہے جس نے گزشتہ برس کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلا تھا۔

دو مرتبہ کی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور ایک مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی سری لنکن ٹیم سمیت نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائنگ میچز کھیلیں گی۔

سپر 12 مرحلے کا باقاعدہ آغاز 22 اکتوبر کو دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے ہو گا۔ یہ دونوں ٹیمیں گزشتہ برس متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں بھی مدِمقابل تھیں۔

ایونٹ کا دوسرا سب سے بڑا مقابلہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 23 اکتوبر کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔ میلبرن گراؤنڈ میں ایک لاکھ سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ایونٹ کے اہم مقابلے کے تمام ٹکٹس فوراً فروخت ہو جائیں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان آسٹریلیا میں آخری بار ورلڈ کپ 2015 میں آمنا سامنا ہوا تھا جس کے تمام ٹکٹس چند منٹوں میں فروخت ہو گئے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تمام میچز آسٹریلیا کے سات کرکٹ گراؤنڈز میں کھیلے جائیں گے جن کے لیے سڈنی، پرتھ، میلبرن، برسبین، ایڈیلیڈ، اوول، اور گابا اسٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ناک آؤٹ مرحلہ

ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کا پہلا سیمی فائنل نو نومبر بروز بدھ کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا جب کہ دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی ایڈیلیڈ کا اوول گراؤنڈ کرے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل 13 نومبر کو ہو گا جس کی میزبانی میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا جہاں ایک لاکھ سے زائد تماشائی یہ میچ گراؤنڈ میں بیٹھ کر دیکھ سکیں گے۔

XS
SM
MD
LG