رسائی کے لنکس

انوشکا شرما کرکٹ کے میدان میں وکٹیں لیتے ہوئے نظر آئیں گی


انوشکا شرما بڑے پردے پر تو نہیں آئیں گی کیوں کہ ان کی آنے والی فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'نیٹ فلکس' کے لیے ہے۔
انوشکا شرما بڑے پردے پر تو نہیں آئیں گی کیوں کہ ان کی آنے والی فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'نیٹ فلکس' کے لیے ہے۔

بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما تین برس بعد دوبارہ فلم میں نظر آنے کے لیے تیار ہیں۔ اس بار ان کا کردار بھی خاصا مختلف ہے اور وہ فلم میں کرکٹ کے میدان میں وکٹیں لیتے ہوئے نظر آئیں گی۔

ویسے تو انوشکا شرما کے شوہر وراٹ کوہلی بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں لیکن اس بار انوشکا بھی ان کی طرح کرکٹ کھیل کر اپنے مداحوں کو خوش کریں گی۔

انوشکا بڑے پردے پر نہیں آئیں گی۔ ان کی آنے والی فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم 'نیٹ فلکس' کے لیے ہے۔

'نیٹ فلکس انڈیا' نے جمعرات کو انوشکا شرما کی فلم 'چکدا ایکسپریس' کا ٹریلر ریلیز کیا ہے۔

'نیٹ فلکس انڈیا' کے مطابق انوشکا شرما اس فلم میں بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی جھولن گوسوامی کی طرح وکٹیں لیتے ہوئے نظر آئیں گی۔

اداکارہ انوشکا شرما نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام پر فلم کا ٹریلر شیئر کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

انوشکا نے کہا کہ "یہ ایک خاص فلم ہے کیوں کہ یہ عظیم قربانی کی کہانی ہے۔ چکدا ایکسپریس سابق بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان جھولن گوسوامی کی زندگی سے متاثر ہے۔"

اداکارہ کے بقول جس وقت جھولن گوسوامی نے کرکٹر بن کر عالمی سطح پر اپنے ملک کا نام بلند کرنے کا فیصلہ کیا تھا اس وقت خواتین کے لیے کھیل کے شعبے میں شمولیت اختیار کرنا کافی مشکل تھا۔

'چکدا ایکسپریس' میں جھولن گوسوامی اور خواتین کرکٹرز کی زندگی میں پیش آنے والے متعدد واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔

بھارت میں ماضی میں بھی کھیل کے موضوع پر متعدد فلمیں ریلیز کی جا چکی ہیں جس میں کھیل کے شعبے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سابق کھلاڑیوں کی کہانیاں بیان کی گئیں ہیں۔

حال ہی میں بھارتی اداکار رنویر سنگھ کی فلم '83' ریلیز ہوئی ہے جو سن 1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی فتح کی کہانی پر مبنی ہے۔

اس سے قبل 2016 میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' ریلیز ہوئی تھی۔

فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ اسٹوری' میں بھارتی کھلاڑی ایم ایس دھونی کی زندگی کی عکاسی کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں 2007 میں اداکار شاہ رخ خان کی فلم 'چکدے انڈیا' سنیما گھروں کی زینت بنی تھی جس کی کہانی ہاکی اسٹار کبیر خان کے گرد گھومتی ہے۔

انوشکا شرما کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیت خاتون انہیں جھولن گوسوامی کی کہانی سن کر بے حد فخر محسوس ہوا تھا اور ان کے لیے جھولن کا کردار ادا کر کے اسے ناظرین کے سامنے پیش کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔

واضح رہے کہ اداکارہ انوشکا شرما آخری مرتبہ سال 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم 'زیرو' میں نظر آئی تھیں۔

جھولن گوسوامی: سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بھارتی ویمن کرکٹر

جھولن گوسوامی بھارت کی ریاست بنگال کے ضلع ناڈیا میں پیدا ہوئی ہیں جو تقریباً 20 برسوں سے بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ 'ای ایس پی این کرک انفو' کے مطابق جھولن گوسوامی نے جنوری 2002 میں اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔ انہیں خواتین کرکٹ کی تیز ترین بالر سمجھا جاتا ہے۔

جھولن گوسوامی نے 2007 میں آئی سی سی ویمن پلیئر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتانی بھی کی تھی۔

علاوہ ازیں انہیں سن 2010 میں بھارت کے 'ارجنا ایوارڈ' سے نوازا گیا تھا جس کے بعد سن 2012 میں انہیں اعلیٰ ترین 'پدما شری' ایورڈ دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG