رسائی کے لنکس

پاک، بھارت ویمن کرکٹ ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دینے پر احسان مانی مایوس


چیئرمین پی سی بی احسان مانی (فائل فوٹو)
چیئرمین پی سی بی احسان مانی (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے جس میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی میزبانی سے انکار کے باوجود دونوں ٹیموں کو یکساں پوائنٹس دیے گئے تھے۔

آئی سی سی کے اس فیصلے سے بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے براہ راست 2021 کے خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ لیکن پاکستان کو میگا ایونٹ تک رسائی کے لیے اب کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑے گا۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے وہ قانونی ٹیم کے ہمراہ صورتِ حال کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد حتمی ردعمل دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ سیریز کھیلنے 2019 میں بھارت جانا تھا، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ کو حکومت نے پاکستانی ٹیم کی میزبانی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا تھا۔

'کرک انفو' کے مطابق 2016 میں ایسی ہی صورتِ حال کے پیش نظر آئی سی سی نے تمام پوائنٹس پاکستان کو ایوارڈ کر دیے تھے۔ لیکن اس دفعہ آئی سی سی نے دونوں ٹیموں کو تین، تین پوائنٹس دیے جس نے ورلڈ کپ تک بھارت کی براہ راست رسائی کو یقینی بنا دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ سیریز ملتوی ہونے سے تمام پوائنٹس پاکستان کو ملنے چاہئیں تھے۔

کرکٹ مبصرین کے مطابق 2016 میں بھی بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔ لیکن بھارتی بورڈ نے اس دوران دورہ نہ کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی تھی۔ اور نہ ہی آئی سی سی کو تحریری طور پر آگاہ کیا تھا۔

البتہ اس مرتبہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2019 میں شیڈول سیریز نہ کھیلنے سے متعلق وجوہات سے 2018 میں ہی آئی سی سی کو آگاہ کر دیا تھا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ناگزیر وجوہات کا حوالہ دیا ہے۔ جس کے باعث بھارتی حکومت نے این او سی جاری نہیں کیا۔

XS
SM
MD
LG