رسائی کے لنکس

عمران خان کی وزیر خارجہ قریشی کو ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کرنے کی ہدایت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو فوری طور پر ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ وہ ان ممالک میں اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر کے علاقے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کریں۔

آج بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا، ’’میں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کہا ہے کہ وہ ایران، سعودی عرب اور امریکہ کا دورہ کریں اور ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں۔ میں نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل باجوہ سے بھی کہا ہے کہ وہ ان ممالک میں متعلقہ فوجی حکام سے رابطہ کر کے یہ واضح پیغام دیں کہ پاکستان قیام امن کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ لیکن، پاکستان اب کسی جنگ میں ملوث نہیں ہو گا۔‘‘

پاکستانی وزیر اعظم کا یہ پیغام امریکہ کی طرف سے ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کو ڈرون حملے میں ہلاک کرنے اور ایران کی طرف سے عراق میں امریکہ کے دو فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے کے بعد آیا ہے۔ ان اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں شدت سے اضافہ ہوا ہے اور لوگ اس بات کا انتظار کر رہے ہیں کہ ایرانی میزائل حملے کے بعد امریکہ کا رد عمل کیا ہو گا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی بدھ کے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری صورت حال کے تناظر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور یہ خطہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

XS
SM
MD
LG