رسائی کے لنکس

آئی ایم ایف کے قرض کے بدلے قومی مفاد کا سودا نہیں ہوگا: عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بہت جلد پاکستان کی معاشی ترقی کا جامع پلان پیش کرے گی کراچی کے ایک روزہ دورے پر تاجروں کے مختلف وفود سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت قرضے کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جانے میں قومی مفاد کا سودا ہر گز نہیں کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس سے متعلق تاجروں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے جلد آرڈیننس منظور کرایا جائے گا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان سے فیڈریشن آف چیمبر آف کامرس پاکستان، کراچی چیمبر آف کامرس، اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس کے وفود نے ملاقاتیں کی۔ ان وفود سے ملاقاتوں کئ دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں کاروبار کرنے کی سہولت تاجروں کو فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

عمران خان کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کا کہنا ہے کہ وزیراعلی نے وفاقی حکومت کی جانب سے سرکلر ریلوے اور کراچی کے لیے اضافی پانی کے منصوبے کے فور پر وفاقی حکومت کو اپنا وعدہ نبھانے کا مطالبہ کیا۔ ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے ان دونوں بڑے منصوبوں کے لئے سندھ حکومت کو منصوبے کی 50 فیصد رقم دینے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

وزیراعظم کے دورے کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ بالخصوص کراچی شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ضرور ڈالے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران تاجر برادری کو اعتماد میں لیا اور ان کے مسائل جلد حل کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

گورنر سندھ کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کے دوران شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعض تاجروں کی جانب سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن پر تحفظات بھی وزیراعظم کے سامنے رکھے گئے جنہیں وزیراعظم نے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعظم کے دورہ کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دورے کے دوران تاجروں کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر توصیف احمد کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سو روزہ کارکردگی سے تاجر برادری زیادہ مطمئن نظر نہیں آتی۔ کراچی کے تاجروں نے بڑھ چڑھ کر تحریک انصاف کی الیکشن مہم میں حصہ لیا تھا لیکن اب تک انہیں اس کا کوئی نتیجہ نہیں ملا۔

ڈاکٹر توصیف احمد کا کہنا ہے کہ حکومت کو واضح معاشی پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے جبکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بھی تاجروں کو متبادل انتظامات کرکے دینے چائیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی تاجر برادری بالخصوص اور عام شہری بالخصوص تحریک انصاف سے یہ توقع رکھتے تھے اور ہیں کہ وہ کراچی کے دیرینہ مسائل جن میں ٹرانسپورٹیشن، انفراسٹرکچر کی بحالی، پانی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جیسے مسائل حل کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کرے گی تاہم شہری سو روز کے بعد بھی انہی مسائل کا شکار ہیں اور فوری طور پر ان کا کوئی حل نظر نہیں آتا جبکہ ایسے منصوبوں میں سے بیشتر پر اب تک کام کا آغاز بھی نہیں ہوسکاہے۔

XS
SM
MD
LG