رسائی کے لنکس

عمران خان نے قومی اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا


انتخابی مہم کے دوران زخمی ہونے کے باعث عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور بدھ کو وہ پہلی مرتبہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے بدھ کو قومی اسمبلی میں اپنی رکنیت کا حلف اٹھایا۔

عمران انتخابی مہم کے دوران سات مئی کو لاہور میں ایک انتخابی جلسے کے دوران اسٹیج پر چڑھتے ہوئے لفٹر سے گر کر زخمی ہو گئے تھے۔

زخمی ہونے کے باعث عمران خان قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کر سکے تھے اور بدھ کو وہ پہلی مرتبہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے تحریک انصاف کے چیئرمین سے حلف لیا۔

عمران خان قومی اسمبلی کی تین نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے اور اُنھوں نے راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 کی نشست اپنے پاس رکھی جب کہ میانوالی اور پشاور کی نشستیں اُنھوں نے چھوڑ دیں جہاں اب ضمنی انتخابات ہوں گے۔

تحریک انصاف 11 مئی کے انتخابات میں تیسری بڑی سیاسی جماعت کے طور پر اُبھری ہے اور قومی اسمبلی میں اس کے اراکین کی تعداد 35 ہے۔

عمران گزشتہ ہفتے ہی صحت یابی کے بعد اسلام آباد پہنچے تھے۔ زخمی ہونے کے بعد دو ہفتوں سے زائد عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد ڈاکٹروں کی ہدایت پر وہ لاہور میں اپنی رہائش گاہ منتقل ہو گئے تھے۔
XS
SM
MD
LG