رسائی کے لنکس

جب سے یہ حکومت آئی ہے مہنگائی بڑھ گئی ہے: عمران خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت جتنے مرضی کنٹینرز کھڑے کر دے، 20 لاکھ سے زائد لوگ موجودہ حکومت کے خلاف احتجاج کے لیے اسلام آباد آئیں گے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 20 مئی کے بعد اسلام آباد میں لوگوں کا جنون آنے والا ہے اور انہیں امپورٹڈ حکومت نا منظور ہے۔ دوسری طرف ان کے خطاب پر ردِ عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ چار سال سے حکومت میں عمران خان تھے اور وہ آج بھی مخالفین پر الزامات لگا رہے ہیں۔

ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا سے سوال پوچھتے ہیں کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے تو مہنگائی اوپر چلی گئی ہے، میڈیا نے کتنی بار بازار میں جا کر پوچھا ہے کہ کتنی مہنگائی بڑھ گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت میں ٹماٹر چار روپے بڑھتے تھے تو میڈیا لوگوں سے پوچھتا تھا کہ مہنگائی کتنی بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوام کے پاس جائیں اور پوچھیں کہ گھی کی فی کلو قیمت کتنی ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر وہ روس گئے تو روس کے ساتھ 30 فی صد سستا پیٹرول لینے کی بات چل رہی تھی۔ اس کے علاوہ روس سے 20 لاکھ ٹن گندم 30 فی صد کم رقم پر مل رہی تھی۔ نئی حکومت کے آتے ہی ڈالر بڑھنا شروع ہو گیا۔ ڈالر کی قدر بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔ جب پیسہ چوری کر کے باہر چلا جاتا ہے تو مہنگائی اوپر چلی جاتی ہے۔

سابق وزیرِ اعظم کے بقول وہ عدلیہ سے پوچھتے ہیں کہ سو موٹو ایکشن لیا گیا جب کہ رات کو 12 بجے عدالتیں کیوں کھولیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خدا نے انسان کو نیوٹرل بننے کی اجازت نہیں دی۔ نیوٹرل صرف جانور ہوتے ہیں۔ انسان کو تو جواب دینا ہوتا ہے۔

موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ 60 فی صد کابینہ ضمانت پر ہے جب کہ خود وزیرِ اعظم ضمانت پر ہے۔

حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ملک پر چور ڈاکو اوپر بیٹھ جائیں اس کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔

حکومتی ردِ عمل

وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے خطاب پر کہنا تھا کہ چار سال سے حکومت میں عمران خان تھے اور آج بھی مخالفین پر الزام لگا رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف پی ٹی آئی کا ایک ووٹ بھی لے کر اقتدار میں نہیں آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار سال میڈیا اور اپوزیشن کی آواز بند کی گئی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان نے کون سا ایٹم بم بنایا تھا جو امریکہ ان کے خلاف سازش کرتا؟

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ میڈیا عوام کے پاس گیا ہے اور عوام نے کہا ہے کہ عمران خان چور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو ان کے اتحادیوں نے وعدے پورے نہ کرنے پر چھوڑا۔

XS
SM
MD
LG