رسائی کے لنکس

داعش کے خلاف ہوائی اڈے دینے پر ابھی سمجھوتا نہیں ہوا: ترکی


ترکی کے ٹینک
ترکی کے ٹینک

پینٹاگان کی ایک ٹیم اِسی ہفتے ترکی جانے والی ہے، جہاں وہ اِس منصوبے کو آخری شکل دے گی۔ تاہم، یہ بات معلوم نہیں ہوسکی آیا ترکی کی طرف سے سامنے آنے والا یہ بیان اس ضمن میں کس طرح اثرانداز ہوگا

ترکی نے کہا ہے کہ اس نے امریکہ کے ساتھ اس بات پر اتفاق نہیں کیا کہ شام اور عراق میں داعش کے شدت پسندوں سے لڑنے کے لیے امریکی فوج اُس کے ملک کا ہوائی اڈا استعمال کرے گی۔

اس سے قبل، امریکی حکام نے بتایا تھا کہ ایک سمجھوتا طے پایا ہے جس کے تحت امریکہ انسرلک کا ہوائی اڈا استعمال کر سکتا ہے، جو شام کی شمال مغربی سرحد سے تقریبا ً 100 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں سے فضائی حملے کیے جا سکتے ہیں۔

انقرہ نے کہا ہے کہ کوئی سمجھوتا نہیں ہوا، جب کہ بات چیت جاری ہے۔

امریکی دفاعی عہدے داروں نے بتایا ہے کہ اور ترکی نے بھی کہا ہے کہ وہ شام کے اپوزیشن کے جنگجوؤں کو تربیت فراہم کرنے پر تیار ہے، جو دولت اسلامیہ اور شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

پینٹاگان کی ایک ٹیم اِسی ہفتے ترکی جانے والی ہے، جہاں وہ اِس منصوبے کو آخری شکل دے گی۔ تاہم، یہ بات معلوم نہیں ہوسکی آیا ترکی کی طرف سے سامنے آنے والا یہ بیان اس ضمن میں کس طرح اثرانداز ہوگا۔

ترکی کے اہل کاروں نے گذشتہ ہفتے ریٹائرڈ امریکی جنرل، جان ایلن اور محکمہ خارجہ کے عہدے دار بریٹ مک گرک کے ساتھ ملاقات کی تھی۔

اگست کے آخر میں، امریکہ نے دولت اسلامیہ کے گروپ کے خلاف فضائی حملے شروع کیے اور متعدد ساجھے دار ملکوں سے مل کر گذشتہ ماہ اِن کارروائیوں کو وسعت دے دی تھی۔

ایسے میں جب اتوار اور پیر کے روز امریکی اور سعودی فوج نے کوبانی کے قصبے کے قریب داعش کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائیاں کیں، دور دور تک متعدد زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔

کُرد جنگجو ؤں اور دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کے مابین پیر کے روز کوبانی میں شدید لڑائی جاری رہی، جو ترک سرحد کے ساتھ ساتھ ایک شامی قصبہ ہے۔
کوبانی کے خلاف لڑائی میں ترکی پر کُردوں کا ساتھ دینے کے لیے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ تاہم، اب تک ترکی کی حکومت نے اس لڑائی میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے، کُردوں اور دہشت گرد تنظم ’کردستان ورکررز پارٹی‘ کے درمیان تعلقات کا حوالہ دیا ہے۔

عراق میں، فرانسسی خبررساں ادارے نے اطلاع دی ہے کہ عراقی فوج نے صوبہٴ انبار میں ہیت کے قریب اسد ایئر بیس کی طرف پسپائی اختیار کر لی ہے، اور یوں، داعش کو ہیت کا مکمل کنٹرول کا کھلا میدان مل گیا ہے، جو جہادیوں کی ایک اور پیش قدمی کے مترادف ہے۔

XS
SM
MD
LG