رسائی کے لنکس

اجمل قصاب کی وکیل کے لیے درخواست


اجمل قصاب
اجمل قصاب

ممبئی حملوں کے مرکزی مجرم اجمل قصاب نے سزائے موت کے خلاف اپیل کرنے کے لیے وکیل مہیا کرنے کی درخواست کی ہے۔

گذشتہ ماہ ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے اجمل قصاب پرلگائے گئے قتل، دہشت گردی، سازش اور بھارت کے خلاف جنگ جیسے الزامات ثابت ہونے پر ایک سے زیادہ جرائم میں موت کی سزا سنائی تھی۔

اطلاعات کے مطابق اجمل قصاب نے دو روز قبل ممبئی ہائی کورٹ میں قانونی معاونت کے لیے قائم دفتر کو ایک خط لکھا ہے جس میں سزائے موت کے خلاف اپیل تیار کرنے کے لیے نئے وکیل کی درخواست کی گئی ہے۔

اجمل قصاب کو سنائی گئی سزا پر عمل درآمد کے لیے اس کی عدالت عالیہ سے توثیق ضروری ہے اور مجرم سزا کے خلاف اپیل کے علاوہ خصوصی معافی کا مطالبہ بھی کر سکتا ہے۔

پاکستان سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ اجمل قصاب نومبر 2008ء میں ممبئی میں مختلف مقامات پر کیے گئے دہشت گردانہ حملوں میں زندہ بچ جانے والا واحد حملہ آور تھا ۔ ان منظم حملوں میں غیر ملکیوں سمیت 166 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ان کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ چار سال سے جاری امن مذاکرات معطل کر دیا تھا البتہ حالیہ دنوں میں دونوں طرف سے اس عمل کو دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ 15 جولائی کو اسلام آباد میں ملاقات کر رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG