رسائی کے لنکس

بھارت نے 33 پاکستانی بچوں کو ویزے جاری کر دیے


بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج (فائل فوٹو)
بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج (فائل فوٹو)

بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ "ہم نے پاکستان کے 33 بوہرہ بچوں کو بھارت کا ویزہ جاری کیا ہے جنہیں ان کے روحانی پیشوا نے مدعو کر رکھا تھا۔"

بھارت نے بوہرہ برادری کے ان 33 پاکستانی بچوں کو ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے جنہیں اس برداری کے روحانی پیشوا نے بھارت آنے کی دعوت دی تھی۔

بھارتی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے ٹوئٹر پر بتایا ہے کہ "ہم نے پاکستان کے 33 بوہرہ بچوں کو بھارت کا ویزہ جاری کیا ہے جنہیں ان کے روحانی پیشوا نے مدعو کر رکھا تھا۔"

بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا سیدنا مفصل سیف الدین ممبئی میں رہائش پذیر ہیں۔

دونوں ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے کشیدہ تعلقات کا اثر حالیہ برسوں میں عوامی رابطوں پر بھی پڑا ہے اور ایک سے دوسرے ملک جانے والوں کو ویزوں کے حصول میں خاصی مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

تاہم بھارت کی وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے رواں برس ہی اعلان کیا تھا کہ ان کا ملک خاص طور پر علاج کی غرض سے بھارت آنے کے خواہش مند پاکستانیوں کے لیے ویزے جاری کرے گا۔

داؤدی بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا کی سکونت ممبئی میں ہے اور اس برادری سے تعلق رکھنے والوں کو دونوں ملکوں کے درمیان سفر کے لیے خصوصی رعایت بھی دی جاتی رہی ہے۔

اس برادری کی ایک بڑی تعداد پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں بھی آباد ہے۔

ستمبر میں جب بوہرہ برادری کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا مفضل سیف الدین کراچی تشریف لائے تھے تو صوبائی حکومت نے ان کا سرکاری مہمان کے طور پر خصوصی استقبال کیا تھا جب کہ شہر میں نادل برہانی اسپورٹس گراؤنڈ میں اس برادری کے لگ بھگ 20 ہزار افراد نے اپنے روحانی پیشوا کا خیرمقدم کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG