رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: بھارت نے بنگلہ دیش کو ایک رن سے ہرادیا


فائل
فائل

آخری اوور کے آتے آتے بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لیے تین گیندوں پر دو رنز درکار تھے۔

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کے سپر 10 مرحلے کے ایک انتہائی سنسنی خیز میچ میں میزبان بھارت نے بنگلہ دیش کو ایک رن سے شکست دیدی ہے۔

بدھ کو بنگلورو میں کھیلے جانے والے گروپ-2 کے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔

جواباً بنگلہ دیش مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بناسکا۔

بھارت کی پوری اننگز کے دوران بلے بازوں اور بنگلہ دیشی بالرز کے درمیان کشمکش جاری رہی۔ ایک جانب جہاں بھارتی بلے باز رنز بناتے رہے تو دوسری جانب ان کے پویلین لوٹنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

بھارت کی جانب سے سریش رائنا 23 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے الامین حسین اور مستفیض الرحمن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ محموداللہ، شکیب الحسن اور شوواگاتا اوم نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواباً بنگلہ دیش کی اننگز کا بھی اچھا آغاز نہ ہوا اور تیسرے اوور سے وکٹیں گرنے کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ میچ کی آخری گیند تک جاری رہا۔

لیکن بنگلہ دیشی بلے بازوں نے ساتھ ساتھ رنز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور آخری اوور کے آتے آتے بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لیے تین گیندوں پر دو رنز درکار تھے۔

تاہم آخری اوور کی چوتھی گیند پر مشق الرحیم اور پانچویں پر محموداللہ ہردک پندیا کی بولنگ کا نشانہ بن کر پویلین لوٹ گئے۔

آخری گیند پر بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لیے دو رنز درکار تھے لیکن بھارتی کپتان دھونی مستفیض الرحمن کو رن آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے اور یوں بنگلہ دیش سپر 10 مرحلے میں پہلی فتح اپنے نام کرنے سے محض چند انچ کے فاصلے سے رہ گیا۔

بنگلہ دیش کے خلاف بھارت کی فتح کے بعد پاکستان کے گروپ 2 سے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مزید معدوم ہوگئے ہیں۔

گروپ 2 سے نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔

XS
SM
MD
LG