رسائی کے لنکس

سری لنکا کو 141 رنز سے شکست، روہت شرما کی ڈبل سینچری


روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سینچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ ڈبل سینچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

روہت نے اپنے دلکش اسٹروکس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور ون ڈے کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری جڑ دی۔ وہ 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ روہیت شرما کی دھواں دار بیٹنگ میں 12 چھکوں اور 13 چوکے شامل تھے۔

بھارت نے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں سری لنکا کو 141رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر سیریز ایک۔ایک سے برابر کر دی۔ روہیت شرما نے 208 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھلی۔

چندی گڑھ میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کو بھارتی اوپنر روہیت شرما اور شیکھر دھون نے 115 رنز کا آغاز فراہم کرکے غلط ثابت کردیا۔

دونوں بیٹسمینوں نے سری لنکن بولرز کی جم کر پٹائی کی اور وکٹ کےچاروں طرف کھل کر شاٹ کھیلے۔ شیکھر دھون 68 رنز کی اننگز کھیل کر روہیت شرما کا ساتھ چھوڑ گئے۔

شیکھر دھون کے بعد شریاس ایر نے شرما کے ساتھ مل کر رنز کی رفتار کو مزید بڑھایا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 213 رنز بناکر سری لنکن بولرز کے ہاتھ پاؤں پھلادیئے۔

شریاس ایر بھی 68 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دھونی زیادہ دیر شرماکا ساتھ نہ دے سکے اور صرف 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پانڈیا بھی صرف 8 رنز بناسکے۔

روہت نے اپنے دلکش اسٹروکس سے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور ون ڈے کیریئر کی تیسری ڈبل سنچری جڑ دی۔ وہ 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ روہیت شرما کی دھواں دار بیٹنگ میں 12 چھکوں اور 13 چوکے شامل تھے۔

روہیت شرما یہ کارنامہ سرانجام دینے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

روہیت نے اپنی اننگز کی پہلی 126 گیندوں پر 116 رنز بنائے جبکہ آخری 27 گیندوں پر 11 چھکے اور 3 چوکے لگا کر 92 رنز اسکور کیے۔

اس طرح بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 392 رنز بنائے۔

سری لنکا کے نوان پردیپ مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے 10 اوورز میں 106 رنز دیئے جو ایک روزہ میچوں میں کسی بھی بولر کی تیسری بدترین کارکردگی ہے۔ مائیک لوئس 113 رنز دے کر پہلے جبکہ وہاب ریاض 110 رنز دے کر دوسرے بالر رہ چکے ہیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور صرف 15رنز پر اُپل تھرنگا صرف 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ گوناتھلاکا نے بھی کچھ دیر بعد پویلین کی راہ لی۔ وہ 16 رنز بناسکے۔

سری لنکا کی طرف سے میتھیوز نے 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ گونا رتنے 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

بھارتی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے سری لنکن ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بناسکی۔، یوں بھارت نے 141 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز ایک۔ایک سے برابر کردی۔

روہیت شرما کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سیریز کا تیسرا میچ 17 دسمبر کو وشاکھا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG