رسائی کے لنکس

بھارت:کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں میں تیزی


کامن ویلتھ گیمز
کامن ویلتھ گیمز

بھارتی حکام نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کے انعقاد کے لیے اسٹیڈیم اور دوسری تنصیبات کی تیزی سے تکمیل کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کی صورت حال کو بھی بہتر بنانے کے اقدامات کررہے ہیں۔ بھارت تین اکتوبر سے شروع ہونے والی ان کھیلوں کی میزبانی کررہاہے جب کہ بعض خدشات کی بنا پر ایک اور ملک نیوزی لینڈ نے بھی ان مقابلوں میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔

کارکنوں کی ایک بڑی تعداد کھلاڑیوں کے لیے تعمیر کردہ گاؤں کی رہائشی عمارتوں کی صفائی میں مصروف ہے۔حال ہی یہ معاملہ کھیلوں میں شرکت کے لیے نئی دہلی آنے والی ٹیموں کے ایک بڑے مسئلے کے طورپر سامنے آیا تھا۔

کامن ویلتھ فیڈریش عہدے داروں نے کھلاڑیوں کے لیے تعمیر کی جانے والی رہائش گاہوں میں صفائی اور صحت کے ناقص معیار پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے ٹائلٹوں کی خرابی، بجلی کے مسائل اور ملبے کے ڈھیروں کی نشان دہی کی تھی۔

نیوزی لینڈ ایک اور ملک ہے جس نے حال ہی میں اپنی ٹیم کو مقابلوں کے لیے بھارت بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔ اس کی ٹیم اتوار کے روز نئی دہلی پہنچنے والی تھی۔ جب کہ اس سے قبل سکاٹ لینڈ اور کینیڈا مقابلوں میں شرکت سے انکار کرچکے ہیں۔ نیوزی لینڈ نے صحت و صفائی کی صورت حال اور سیکیورٹی پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

ایسے میں جب کہ بھارتی حکام کو کھیلوں کی اس بڑی تقریب کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑرہاہے، عہدے دار ہیجانی انداز میں ہنگامی بنیادوں پر کھیلوں کے مختلف مقامات پر کام کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

جمعرات کے روز ، جب کہ بہت سے کھلاڑی پروگرام کے مطابق رہائشی گاؤں میں پہنچنے والے ہیں، نئی دہلی میں انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدے دار تجندرکھنہ نے کہا ہے کہ رہائش گاہیں بہت جلد دستیاب ہوجائیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ 80 فی صد کام بدھ کی شام تک مکمل ہوچکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کام درست سمت میں آگے بڑھ رہاہے اور صفائی کا کام بھی مکمل کیا جارہاہے۔

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اس سلسلے کی ایک ہنگامی جائزہ میٹنگ میں کھیلوں کے انتظامات سے متعلق اعلیٰ عہدے داروں کو طلب کیا ہے۔

اتوار کے روز فائرنگ کے ایک واقعہ کے بعد، جس میں دو سیاح زخمی ہوگئے تھے،سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مسلح اہل کار دہلی کی سڑکوں پر تعینات کیے گئے ہیں۔

دہلی پولیس کمشنر وائی ایس داد وال نے مہمان ٹیموں کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو مسترد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھیلوں میں فول پروف سیکیورٹی کے لیے مناسب آلات لگائے گئے ہیں اور اس بارے میں کسی قسم کا شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے۔

تاہم آسٹریلوی حکومت نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ سیکیورٹی کے مسائل بدستور موجود ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں مرکزی اسٹیڈیم کے قریب پیدل چلنے والوں کے لیے بنایا جانے والا پل مہندم ہونے کے واقعہ نے سیاحوں کو تعمیرات کی امکانی خرابیوں کے بارے میں چوکس کردیا ہے۔

تعمیرات اور کھیلوں کی تیاریوں کا کام کئی مہینوں سے مقررہ شیڈول سے پیچھے جارہاتھا۔ اور اب ان خدشات کا اظہار کیا جارہا ہے کہ جلدبازی میں تعمیرات کی تکمیل سے مطلوبہ معیار حاصل نہیں کیا جاسکے گا۔

کھیلوں کی یہ بڑی تقریب معاشی طورپر ایک ابھرتے ہوئے بھارت کی مثبت تصویر پیش کرنے کا اہم موقع ہے۔

XS
SM
MD
LG