رسائی کے لنکس

بھارتی کپتان دھونی چوتھے ٹیسٹ سے معطل


بھارتی ٹیم کےکپتان مہندرا سنگھ دھونی
بھارتی ٹیم کےکپتان مہندرا سنگھ دھونی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میزبان آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سست رفتاری سے اوور کرانے کی پاداش میں بھارت کی ٹیم کےکپتان مہندرا سنگھ دھونی پر ایک میچ کی پابندی لگا دی ہے۔

آئی سی سی نے ایک باضابطہ بیان کے ذریعہ یہ اعلان کیا ہے جس کے بعد بھارتی کپتان 24 جنوری کو ایڈیلیڈ میں ہونے والا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکیں گے۔

’’بھارتی ٹیم پر پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف اوورز کی سست رفتار شرح کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ گزشتہ 12 ماہ میں دوسری مرتبہ یہ خلاف ورزی کی گئی ہے اس لیے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو اگلے میچ سے معطل کردیا گیا ہے۔‘‘

اتوار کو پرتھ میں تیسرا ٹیسٹ بمشکل اڑھائی دن جاری رہا جس میں آسٹریلیا نے مہمان ٹیم کو ایک اننگز اور37 رنزسے ہرا کر چار میچوں کی سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ مقررہ شرح سے بھارت کی ٹیم نے دو اوورز کم کرائے جبکہ پہلی خلاف ورزی جولائی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوز میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں کی گئی تھی۔

’’دھونی نے اعتراف کیا ہے کہ اُنھیں میچ کےدوران اوورز کی شرح کے بارے میں مسلسل آگاہ رکھا گیا اس لیے اُنھوں نے اپنے خلاف فیصلے کو بھی قبول کیا ہے۔‘‘

امکان ہے کہ نائب کپتان وریندر سہواگ ایڈیلیڈ میں چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

دھونی کے پیش رو سورو گانگولی پر بھی 2004ء میں بھارتی باؤلروں کی جانب سے ایسی ہی خلاف ورزیوں کی پاداش میں دو ٹیسٹ میچ کی پابندی لگائی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG