رسائی کے لنکس

بھارت کو ڈیوڈ ہیڈلی سے پوچھ گچھ کی اجازت مل گئی


ایک امریکی اعلیٰ عہدے دار نے ہفتے کے روز خبر دی ہے کہ امریکہ بھارت کو اس پاکستانی نژاد امریکی سے پوچھ گچھ کی اجازت دے دے گا جس نے 2008ء میں ممبئی میں ہونے والے حملوں کی منصوبہ بندی میں حصہ لینے کا اعتراف کر لیا تھا۔ لیکن اسے موجودہ الزامات کے تحت بھارت کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔

تاہم امریکی نائب وزیرِ خارجہ رابرٹ بلیک نے مزید کہا کہ اگر ڈیوڈ ہیڈلی کے خلاف مستقبل میں نئے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جائے تو اس کی بھارت حوالگی کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔

اس اعلان سے قبل امریکی حکام نے بھارت کو ہیڈلی سے تفتیش کی اجازت نہیں دی تھی، البتہ حکام نے بھارت کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کیا تھا۔

49 سالہ ڈیوڈ ہیڈلی کا اصل نام داؤد گیلانی ہے اور وہ معروف پاکستانی براڈکاسٹر اور ریڈیو پاکستان کے ڈائرکٹر جنرل سلیم گیلانی کا بیٹا ہے۔

اس پر الزام ہے کہ وہ ممبئی میں ان اہداف کی دو سال تک جاسوسی کرتا رہا جن پر عسکریت پسندوں کے ایک جتھے نے 26 نومبر2008ء کو دھاوا بول کر 166 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

اس کے علاوہ ہیڈلی پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے ڈنمارک کے اس کارٹونسٹ کو ہلاک کرنے کی سازش بھی کی تھی جس نے پیغمبر اسلام کے کارٹون بنا کر مسلم دنیا میں اشتعال پیدا کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG