رسائی کے لنکس

بھارت اور بنگلہ دیش پہلی مرتبہ گلابی گیند سے ٹیسٹ کھیلیں گے


گلابی بال کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ فلڈ لائٹس میں سرخ بال کے مقابلے میں زیادہ واضح نظر آتی ہے۔
گلابی بال کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ فلڈ لائٹس میں سرخ بال کے مقابلے میں زیادہ واضح نظر آتی ہے۔

بھارت، بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ رواں ماہ کھیلے گا۔ سیریز کے تحت دونوں ٹیموں کے دوران دو میچ ہوں گے۔ دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ کلکتہ ٹیسٹ میں گلابی گیند سے کھیلیں گی۔

بھارتی ٹیم نے کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ منگل کو گلابی گیند سے کھیلنے کی پریکٹس کی جس کے بعد بدھ کو ویراٹ کوہلی نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ گلابی گیندوں کا سامنا کیا۔ وہ اور ان کی پوری ٹیم گلابی بال سے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہے۔

بھارت کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش بھی پہلی مرتبہ گلابی گیند سے کھیلے گا۔

گلابی گیند نئی صدی کے آغاز پر وجود میں آئی۔ گلابی گیند عمومی طور پر رات میں کھیلے گئے میچوں میں استعمال ہوتی ہے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ فلڈ لائٹس میں سرخ بال کے مقابلے میں زیادہ واضح نظر آئی ہے کیوں سرخ بال کا سایہ اندھیرے کے سبب سیاہ رنگ میں تبدیل ہوتا محسوس ہوتا ہے اس لیے واضح طور پر بال نظر نہیں آتی۔

گلابی بال رات کے علاوہ دن کے وقت ہونے والے میچوں میں بھی سرخ بال کے مقابلے میں زیادہ واضح نظرآتی ہے اس لیے گلابی بال سے کھیلنا اب معمول بنتا جارہا ہے۔

گلابی بال کے حوالے سے بھارت بنگلہ دیش ٹیسٹ میچ اہمیت کا حامل قرار دیا جارہا ہے۔

ٹیسٹ میچز کے حوالے سے دونوں ٹیموں کا جائزہ لیں تو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اینٹی کرپشن کوڈ قوانین کی خلاف ورزی پربنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن پر پابندی عائد کرنے کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت مومن الحق کررہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 22 نومبر سے پہلے ٹیسٹ کا آغاز ہورہا ہے۔ ٹیسٹ میچوں میں بھارتی پوزیشن کا جائزہ لیا جائے تو وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے آغاز کے بعد سے پانچ ٹیسٹ جیت چکا ہے۔ ان میں گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف 3-0 سے وائٹ واش بھی شامل ہے۔

بنگلہ دیش ٹیم میں شکیب کےعلاوہ تمیم اقبال بھی شامل نہیں۔ وہ گھریلو مصروفیات کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

ادھر بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بُمراہ بیماری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

روہت شرما بھارت کے واحد کھلاڑی ہیں جو گلابی گیند سے ایک دو بار کھیل چکے ہیں ورنہ باقی ٹیم پلیئرز پہلی مرتبہ بنگلہ دیش کے خلاف گلابی بال سے کھیلیں گے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو میں روہت شرما کا کہنا تھا کہ انہوں نے دلیپ ٹرافی میں گلابی گیند سے کھیلنے کا پہلا تجربہ کیا تھا لیکن اس وقت وہ چھٹے نمبر پر کھیل رہے تھے اور اب وہ اوپننگ کریں گے۔ وہ گلابی بال سے کھیلتے ہوئے گھبراہٹ کا شکارنہیں بلکہ زیادہ پرجوش ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گلابی گیند سے کھیلنے کے لیے زیادہ تجربے کی ضرورت ہے لیکن ہمارے لیے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا یہ بہت اچھا موقع ہے۔

XS
SM
MD
LG