رسائی کے لنکس

بھارتی بالر دیپک چاہر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا لیا


دیپک چاہر نے بنگلہ دیش کے خلاف سات رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔
دیپک چاہر نے بنگلہ دیش کے خلاف سات رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے بالر دیپک چاہر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ بناتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ناگپور میں اتوار کو بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیاں تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کھیلا گیا۔

یہ میچ اس اعتبار سے بھی اہمیت کا حامل تھا کہ دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کے لیے میدان میں اُتری تھیں۔ میزبان بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے جب کہ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 144 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

بھارت نے دیپک چاہر کی تباہ کن بولنگ کی بدولت یہ میچ 30 رنز سے جیت کر سیریز بھی اپنے نام کی۔

بھارت نے مہمان بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 30 رنز سے شکست دی۔
بھارت نے مہمان بنگلہ دیش کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 30 رنز سے شکست دی۔

نوجوان میڈیم پیسر دیپک چاہر نے سات رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سری لنکن بالر اجنتھا مینڈس کا آٹھ رنز کے عوض چھ وکٹوں کا عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

دیپک چاہر نے اپنی تباہ کن بولنگ میں ہیٹ ٹرک بھی کی اور یکے بعد دیگرے شفیع الاسلام، مستفیض الرحمان اور انعام الاسلام کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دیپک چاہر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بھارت کے پہلے بالر بھی بن گئے ہیں۔

دیپک نے میچ کے تیسرے اوور میں ہی اوپننگ بلے باز لیٹن داس اور پھر سومیا سرکار کو آؤٹ کیا۔ یہی نہیں تیسری وکٹ پر محمد نعیم اور محمد مٹھو کے درمیان 98 رنز کی شراکت قائم ہوئی تو انہوں نے میچ کے 12ویں اوور میں محمد مٹھو کو 27 رنز پر آؤٹ کیا۔

دیپک چاہر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بھارت کے پہلے بالر بھی بن گئے۔
دیپک چاہر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے بھارت کے پہلے بالر بھی بن گئے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں محمد نعیم نے شاندار بیٹنگ کی اور 48 گیندوں پر دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 81 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 174 رنز بنائے جس میں شیریاس لائر 62 اور کیل راہول 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

میچ اور سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر دیپک چاہر کو 'مین آف دی میچ' اور 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔

یاد رہے کہ 27 سالہ دیپک چاہر بنگلہ دیش کے خلاف اپنے کیریئر کا ساتواں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل رہے تھے اور وہ بھارت کی طرف سے ایک ون ڈے میچ میں ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG