رسائی کے لنکس

دھماکوں کے ذمہ داروں کوبخشا نہیں جائے گا: من موہن


بھارتی وزیر اعظم
بھارتی وزیر اعظم

بھارتی وزیر اعظم نے دکن کے عوام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے گھناؤنی حرکتوں کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کیا اور دہشت گردوں کی سازشوں میں پھنسنے سے انکار کیا

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ نے اتوار کے روز حیدرآباد دکن کا دورہ کیا۔ وہ اُن مقامات پر گئے جہاں جمعرات کے دِن بم دھماکے ہوئے تھے۔ اُنھوں نے اسپتالوں میں جا کر زخمیوں سے ملاقات کی اور اُن کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

بعد میں ایک بیان میں، من موہن سنگھ نے کہا کہ زخٕمیوں کی خیریت دریافت کرنے آئے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ دھماکوں کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔

اِن دھماکوں میں 16 افراد ہلاک اور 117 زخمی ہوئے تھے۔

وزیر اعظم نے حیدرآباد کے عوام کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اُنھوں نے گھناؤنی حرکتوں کے باوجود تحمل سے کام لیا اور دہشت گردوں کی سازشوں میں پھنسنے سے انکار کیا۔

پولیس کمشنر انو رائے شرما نے کہا ہےکہ دوہرے دھماکوں کی تحقیقات کی ذمہ داری خصوصی تفتیشی ٹیم کو سونپی گئی ہے۔

پولیس نے دھماکوں کی ذمہ داری کےبارے میں خبر دینے والے کو دس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثنا، تفتیشی ایجنسیاں ملک کی مختلف ریاستوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔ اِسی تسلسل میں بہار سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، یہ دونوں افراد نیپال کی سرحد کے اندر چوری چھپے گھسنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اُن میں سے ایک صومالیہ کا باشندہ ہے جب کہ دوسرا حیدرآباد کا۔ اُن کے قبضے سے پولیس نے لیپ ٹاپ اور کیمرے برآمد کیے ہیں۔ کیمروں میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی تصویریں ہیں۔

مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ہفتے کے روز دوبارہ الرٹ جاری کیے جانے کے بعد دہلی میں حفاظتی انتظامات سخت کردیے گئےہیں۔

پولیس نے انڈیا گیٹ کےمیدان پر لوگوں کا داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ ایک احتیاطی قدم ہے۔
  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG