رسائی کے لنکس

پاکستان سنوکر ٹیم کو بھارتی ویزے کا انتظار


سنوکر
سنوکر

پاکستان جونئیر سنوکر ٹیم کو ایشین چمپین شپ میں شرکت کے لیے تاحال بھارتی ویزے کا انتظار ہے۔

ابتدائی پروگرام کے تحت پاکستان جونیئر ٹیم کو پانچ اپریل کو بھارت روانہ ہونا تھا لیکن بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے این او سی جاری نہ ہو سکنے کی وجہ سے پاکستان سنوکر ٹیم کو بھارتی ویزا جاری نہیں کیے جاسکے ہیں۔

اِس بارے میں پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسو سی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے بتایا کہ این او سی بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری نہیں ہورہا۔

اُن کے الفاظ میں، ‘قونصل سے ہماری بات ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ ہم آپ کو ایک دِن میں ویزا جاری کردیں گے۔ تاخیر کی وجہ تو نہیں بتا رہے لیکن وہ صرف یہ بتا رہے ہیں کہ این او سی جاری نہیں ہو رہا۔’

عالمگیر شیخ نے کہا کہ ایسو سی ایشن نے اُن سے درخواست کی کہ بدھ سے ٹورنامنٹ شروع ہو رہا ہے اور ہمارا میچ جمعرات ، جمعے کو ہے۔

اُنھوں نے کہا ‘ہم زیادہ سے زیادہ یہ کرسکتے ہیں کہ وزارتِ داخلہ سے اجازت مل جائے تو ہم آپ کے سارے میچ ری شڈول کردیں گے، اور جمعے کے دِن ہم دو میچ کر دیں گے۔’

اُن کا کہنا تھا کہ ایک ایک گروپ میں پانچ پانچ لڑکے ہیں۔ ‘ ہم نے جمعرات کی پیشگی بکنگ کرالی ہے۔ ہم منگل تک اِس معاملے پر کوئی فیصلہ کر لیں گے۔ اور اگر کل تک این او سی نہیں ملتا توہم اپنی ٹیم نہیں بھیجیں گے۔’

ایشین جونیئرسنوکر چمپین شپ جمعرات سے بھارت کے شہر اِندور میں کھیلی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG