رسائی کے لنکس

بھارت مراعات یافتہ ملک، پاکستان اِس فیصلے سے پیچھےنہیں ہٹا: پاکستانی ہائی کمشنر


بھارت مراعات یافتہ ملک، پاکستان اِس فیصلے سے پیچھےنہیں ہٹا: پاکستانی ہائی کمشنر
بھارت مراعات یافتہ ملک، پاکستان اِس فیصلے سے پیچھےنہیں ہٹا: پاکستانی ہائی کمشنر

بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر شاہد ملک نے مرکزی وزیر داخلہ پی چدم برم سے ملاقات کی ہے اور اُنھیں بتایا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات معمول پر لانے اور اُسے انتہائی مراعات یافتہ ملک کا درجہ دینے کے قدم سے پیچھے نہیں ہٹا ہے۔

چدم برم سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت میں اُنھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات کے معمول پر لانے کا عمل جاری ہے اور بھارت کو انتہائی مراعات یافتہ ملک کا درجہ دینا اُس کا ایک حصہ ہے۔

دو نومبر کو پاکستانی کابینہ نے اعلان کیا تھا کہ اُس نے بھارت کو اہم ملک کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن جمعرات کے روز بھارتی میڈیا میں اِس قسم کی خبریں گشت کرتی رہیں کہ پاکستان اِس فیصلے سے پیچھے ہٹ گیا ہے۔ لہٰذا، اِس سلسلے میں شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے پاکستانی ہائی کمشنر نے پی چدم برم سے ملاقات کی۔

اُنھوں نے بتایا کہ پاکستانی کابینہ نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کومعمول پر لانے کی ذمہ داری وزارتِ تجارت کو دے رکھی ہے اور وہ اِس سلسلے میں اقدامات کررہی ہے۔

پاکستان کے کامرس سکریٹری ظفر محمود اِسی ماہ نئی دہلی کا دورہ کرنے والے ہیں۔ وہ اپنے بھارتی ہم منصب سے تبادلہ ٴ خیال کریں گے۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید بتایا کہ پاکستان ممبئی پر دہشت گردانہ حملوں کی جانچ کے سلسلے میں ایک عدالتی کمیشن بھارت بھیجنے کو تیار ہے۔یہ فیصلہ یہاں مارچ میں داخلہ سکریٹری سطح پر ہونے والے مذاکرات کے دوران کیا گیا تھا۔

بھارت کی جانب سے تاریخوں کے سلسلے میں اشارے ملنے کے بعد پاکستانی کمیشن بھارت آئے گا۔

XS
SM
MD
LG