رسائی کے لنکس

بھارت پاکستان کو ایک حقیقت تسلیم کرلے: صدر علوی


پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھارت کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کو اب یہ تسلیم کرلینا چاہیے کہ پاکستان ایک حقیقت ہے۔

ہفتے کو یومِ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے صدر علوی نے کہا کہ دونوں ملکوں کو جنگ کے بجائے تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو 1947ء کے نظریات اور تصورات کی عینک سے دیکھنا بھارتی قیادت کی تنگ نظری ہوگی۔ یہ خطے کے امن کے لیے خطرناک ہے۔ خطے کو امن کی ضرورت ہے۔

پریڈ کے آغاز پر اپنے خطاب میں ڈاکٹر علوی نے کہا کہ ہماری اصل جنگ غربت اور بے روزگاری کے خلاف ہے۔ پاکستان تمام ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتا ہے۔ ہم جنگ پر یقین نہیں رکھتے۔ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کے خواہش مندہیں لیکن اس خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

یومِ پاکستان کی پریڈ

ہفتے کو پاکستان بھر میں یومِ پاکستان جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔ دن کی مرکزی تقریب شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوئی جہاں مسلح افواج کے دستوں کے مارچ پاسٹ کے علاوہ جدید اسلحے کی بھی نمائش کی گئی۔

یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں صدر عارف علوی، وزیرِ اعظم عمران اور مسلح افواج کے سربراہان شریک تھے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیر محمد تھے جب کہ کئی دیگر ملکوں کے وفود نے بھی پریڈ میں شرکت کی۔

مرکزی تقریب کے دوران پریڈ کے آغاز پر تینوں مسلح افواج کے دستوں نے سلامی دی۔

پریڈ میں الخالد اور الضرار ٹینک کے علاوہ غوری، شاہین ون، تھری، نصر اور بابر کروز میزائلوں کی نمائش بھی کی گئی۔

پاکستانی فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر، کوبرا، ایم آئی 17 اور پوما ہیلی کاپٹرز بھی پریڈ کا حصہ تھے جبکہ ترکی اور چین کے طیاروں نے بھی فضائی کرتب دکھائے۔

بحرین، سری لنکا، سعودی عرب اور آذربائیجان کے پیرا ٹروپرز نے فری فال میں اپنی مہارت دکھائی۔

پریڈ میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے ثقافتی فلوٹس بھی تھے جس پر سوار فن کاروں نے روایتی دھنوں پر رقص کیا اور پرفارمنس دی۔

پاکستانی فوج کے کمانڈو یونٹ 'ایس ایس جی' کے جوانوں نے قومی پرچم کے ساتھ پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد اپنا تین روزہ دورہ مکمل کرکے وطن روانہ ہوگئے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے انہیں رخصت کیا۔ روانگی سے قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو جے ایف-17 تھنڈر طیارے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

مہمان وزیرِ اعظم نے طیارے کا معائنہ بھی کیا۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ملائیشیا یہ طیارے خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے جو پاکستان اور چین نے مشترکہ طور پر تیار کیے ہیں۔

XS
SM
MD
LG